لاہور (نیوز رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا کہ عوام کی فلاح کیلئے شروع کردہ آٹا سکیم بارے پی ٹی آئی کے جھوٹے پراپیگنڈے کو سختی سے رد کرتا ہوں ۔پنجاب حکومت کے ہر عوام دوست منصوبے کی مخالفت سراسر عوام دشمنی ہے،چند رہنماؤں نے شرم و حیا سے عاری ہو کر حد درجے سفید جھوٹ بولے ہیں تا کہ عوام کو گمراہ کیا جا سکے، صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ آٹے کی تقسیم کے دوران درجنوں افراد کی اموات کا دعوی شر انگیزی کے سوا کچھ نہیں۔ بد قسمتی سے رش کے باعث تین قیمتی لوگوں کی جانیں گئیں، جن کی انکوائری کی جاری ہے۔علاوہ ازیں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے نگران وزیراعلی محسن علی نقوی کو جرائم پیشہ کہنے پر عمران خان کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے انہیں پہلے تولنے اور پھر بولنے کا مشورہ دیا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے جھوٹے اور لغو الزامات کی لوٹ سیل لگا رکھی ہے لیکن عوام باشعور ہیں اور وہ ان کی کسی بات کا یقین کرنے پر تیار نہیں۔ سابق وزیراعظم ہونے کے ناطے خان صاحب کو تہذیب اور شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے ورنہ ان کو انہی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔
عمران نے تہذیب کا دامن چھوڑا تو اسی زبان میں جواب دینگے،عامر میر
Apr 02, 2023