اسلام آباد(خبرنگار)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ اسلام کے سب سے پہلے محسن اور حضور اکرم کے سب سے پہلے محافظ و مربی حضرت ابو طالب اور حضرت خدیجہ الکبری ہیں۔ حضرت ابو طالب نے اپنی قوت و حشمت و مقام اور اپنی اولاد اور حضرت خدیجہ الکبری نے اپنے کاروبار اور پاکیزہ مال و دولت کے ذریعے شجر اسلام کو ایسی توانائی عطا کی کہ اس کا سایہ پوری کائنات پر ہوا اور آج تک اسلام کی ترویج و ترقی حضرت خدیجہ الکبری کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ام المومنین حضرت خدیجہ الکبری کے یوم وفات (10 رمضان المبارک)پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملیک العرب ام المومنین حضرت خدیجہ الکبری نے خواتین میں سب سے پہلے تصدیق رسالت کرکے ایک دانشمند خاتون ہونے کا ثبوت دیا۔ رسالت کی اقتصادی بنیادوں کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات ان کی زیرکی کی بہت بڑی دلیل ہے۔ اپنے اس عمل اور اپنے جذبہ صادق سے اسلام کی بنیادیں استوار کیں، جس سے اسلام کو اطراف و اکناف عالم میں پھیلنے کا موقع ملا۔