اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں زیر سماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہبازگِل کے خلاف اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں فردجرم عائد کرنے کی کاروائی ایک بارپھر موخر کردی گئی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران شہبازگِل اپنے وکلا قیصرامام اور علی بخاری کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، شہباز گل نے عدالت کے جج سے کہاکہ سالگرہ مبارک ہو آپ کو، جس پر عدالت کے جج نے مسکراتے ہوئے کہاکہ مطلب اپریل فول کا میسج آپ کو بھی پہنچ گیا،آپ تو بیرون ملک جار ہے ہیں، تو شہباز گل نے کہاکہ آپ کہ سالگرہ کی خوشی میں باہر جا رہا ہوں، جنرل شعیب کے فیصلہ پر آپ کو سلام ہے، جس پر عدالت کے جج نے شکریہ ادا کرتے ہوئے استفسار کیاکہ آپ کی پاکستان واپسی کب ہے؟، جس پر شہباز گل نے کہاکہ دور جانا ہے تھوڑی مہربانی کردیں، جج نے کہاکہ آپ نے کون سا دورپیدل جانا ہے، اس موقع پر کمرہ عدالت میں قہقہہ لگ گیا، شریک ملزم کے وکیل نے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ابھی موصول نہیں ہوا،اس پر عدالت کے جج نے کہاکہ درخواست لکھ کر جمع کروا دیں،عدالت نے شہباز گل سے استفسار کیاکہ آپ کی چار ہفتوں کی لاہور ہائیکورٹ سے ملنے والی مہلت کب سے شروع ہو رہی ہے،جس پر شہباز گل نے بتایاکہ جب ملک سے جاؤں گا اس دن سے شروع ہو گی،عدالت نے شہبازگِل پر فردجرم ایک بار پھر موخرکرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔
اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسانے کاکیس،شہبازگِل پر فردجرم عائد نہ ہوسکی
Apr 02, 2023