لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہربنس پورہ میں قائم مفت آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور سنٹر پر سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ سنٹرز پر آنے والے ہر شہری سے عزت سے پیش آیا جائے اور پراسیس جلد مکمل کیا جائے اور بزرگ شہریوں کو بلاتاخیر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ محسن نقوی نے مرد و خواتین کی شکایات بھی سنیں اور فوری ازالے کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور پنجاب حکومت کے مفت آٹا پیکج کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ علاوہ ازیں
محسن نقوی کی ہدایت پر بچھڑوں کو اپنے پیاروں سے ملانے کیلئے پنجاب پولیس پبلک ایپ ”میرا پیارا“پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے ”میرا پیارا“ ایپ کو جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ”میرا پیارا“ ایپ کے ذریعے گمشدہ بچوں، بزرگوں، ڈیمنشیا، شیزوفرینیا کے مریضوں کو ورثاءسے ملایا جائے گا۔ ”میرا پیارا“ ایپ میں گمشدہ بچے اورافراد، ان کے لواحقین کا بائیو ڈیٹا، تصویر، فنگر پرنٹ، شناختی کارڈ اورب فارم کی تفصیلات ہوں گی۔ گمشدہ بچوں اور افراد اور ان کے لواحقین کے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرائے جائیں گے۔ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب بھر کے تھانوں میں گمشدگی کی رپورٹس کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے 6 سال سے گمشدہ بچے کو ورثاءسے ملانے پر سی ٹی او لاہور کی کاوشوں کی تعریف کی۔ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس کو اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ سے متعلقہ امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکبر چوک فلائی اوور کی تعمیر میں کوئی درخت نہیں کاٹا جائے گا۔ درختوں کی باحفاظت منتقلی کیلئے پی ایچ اے جدید مشینری خرید ے گا۔
محسن نقوی