نئی دہلی ، سرینگر (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ہوشیار رہیںاور اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی زمینیں اور جائیدادیں غیر کشمیریوں کو فروخت کرنے سے گریز کریں اور بھارتی عزائم کو ناکام بنائیں ۔پوسٹرسرینگر اور بارہمولہ میں بھارت کی سفاکانہ اور کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف بطوراحتجاج چسپاں کئے گئے ہیںجن کا مقصد عالمی برادری کو علاقے کی اصل صورتحال کے بارے میں گمراہ کرنا ہے۔ مقبوضہ جموںوکشمیر کی سابق وزیر اعلی و پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے خبردار کیا ہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کو جابرانہ اقدامات کی ایک تجربہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری اجے سدھوترا نے بی جے پی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جمہوریت کی بنیادوں کو شدید خطرات لاحق ہیں اور تمام ادارے حملے کی زد میں ہیں۔ اجے سدھوترا نے جموں شہر میں ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے آمرانہ رویہ اختیارکرکے جمہوریت کو داغدار کیا ہے جو ملک کے شہریوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔
’’کشمیری اپنی زمینیں، جائیدادیں غیر کشمیریوں کو فروخت نہ کریں‘‘ مقبوضہ کشمیر میں پوسٹرز چسپاں
Apr 02, 2024