پنجاب اسمبلی: ترقیاتی منصوبوں میں نوازشریف کا نام لینے پر اپوزیشن کا شور شرابہ

Apr 02, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں امن و امان پر بحث کو سمیٹے ہوئے صوبائی وزیر پارلیمانی امور طاہر خلیل سندھو نے کہا کہ ججز پر ایوان میں بات نہیں کر سکتا، فروری مارچ تقابلی جائزہ لیا، ڈکیتی کے واقعات میں کمی ہوئی، کیپٹن مبین اور زاہد گوندل جیسے شہیدوں کو یاد رکھنا چاہئے، جائز تجاویز پر عمل درآمد کروائیں گے۔ سمری ایوان اور وزیر اعلیٰ کو بھی بھجواؤں گا۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں تین آرڈیننسز پنجاب سول سرونٹس کے ترمیمی آرڈیننس 2023، پولیس آرڈر ترمیمی آرڈیننس 2023 اور پنجاب ایگری کلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی آرڈیننس 2023 کی مدت میں توسیع دی گئی۔ فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال کی تمام مشینری ٹھیک کرانے کے لئے طاہر خلیل سندھو نے آئندہ اجلاس تک مہلت مانگ لی۔  پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 41منٹ کی تاخیر سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ سپیکر اسمبلی نے اجلاس کے آغاز میں پینل آف چیئر پرسن کا اعلان کر دیا۔ اعلان کے مطابق چیئرمین محمد عبداللہ وڑائچ، رانا منور حسین، سید علی حیدر گیلانی اور غلام رضا شامل ہیں۔ اپوزیشن رکن خرم اعجاز اور قاضی احمد اکبر کے توجہ دلاؤ نوٹسز کے جواب میں پارلیمانی وزیر طاہر خلیل سندھو نے کہا کہ حاجی مشتاق بینک سے پانچ لاکھ روپے لے کر گھر پہنچے تو ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر گھیر لیا، ان کا بھتیجا مشکوک ہے، تفتیش کیلئے دو ٹیمیں پولیس نے تشکیل دیدی ہے، ملزمان کے سراغ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے مقدمہ کو جلد نمٹایا جائے گا، تفتیش جاری ہے۔ متعلقہ محکمہ کے لوگوں کی عدم موجودگی کی نشاندہی پر سپیکر نے وارننگ دی کہ دس منٹ میں متعلقہ محکموں کے لوگ گیلری میں آ جائیں وگرنہ ایوان کی کارروائی روک دوں گا۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ تحریک التوائے کار کا جواب تو آگیا سپیکر کے پاس اختیار ہے وہ کسی بھی کارروائی کو روک سکتا ہے۔ رکن اسمبلی رانا آفتاب نے فیصل آباد الائیڈ ہسپتال میں مشینری خراب ہونے پر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ائیر ایمبولینس تو شروع کروا لی لیکن پنجاب کے لوگ مر رہے ہیں، فیصل آباد الائیڈ ہسپتال میں 28میں سے 21 بے ہوشی کی مشینری خراب ہے، آپریشن تھیٹر کی 40 سے 35 مشینیں خراب ہیں۔ رکن اسمبلی امجد علی نے خطاب میں کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ شور کوٹ روڈ پر انتالیس کروڑ روپے لگا رہے ہیں، ایک پھاٹک نہیں بنایا جارہا۔ مواصلات کے وزیر صہیب احمد بھرت نے کہا کہ پنجاب میں پانچ سو سے زائد روڈ ٹھیک کریں گے جس میں ٹوبہ ٹیک سنگھ شور کوٹ روڈ بھی شامل ہے۔  تینوں ترمیمی آرڈیننس وزیر پارلیمانی امور خلیل طاہر سندھو نے پیش کیے۔ وزیر پارلیمانی امور خلیل طاہر سندھو نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینیوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ ہے، پنجاب کو محفوظ بنانے کیلئے انٹرسیل بارڈر بنائیں گے، اقلیتوں کے تحفظ کیلئے میثاق سنٹرز بنانے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ فیصل آباد نوجوان جس کے گلے پر ڈور پھری اس کے گھر گئیں اور اظہار تعزیت کیا۔ سنی اتحاد کونسل کے پارلیمانی لیڈر رانا آفتاب احمد نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیل طاہر سندھو کی تقریر کم اور خوشامد زیادہ لگ رہی تھی۔ امن و امان کی صورتحال پر بحث کا آغاز  کرتے ہوئے رانا آفتاب احمد خان نے کہا کہ عزت و بے عزتی میں ایک ہزار روپے کا فرق ہوتا ہے، جتنی فرعونیت محکمہ جیل میں ہے کہیں نہیں ہے،  جوا اور منشیات بغیر پولیس کے نہیں ہو سکتا، ججز جب انصاف مانگ رہے ہوں تو مجھے کیا انصاف ملے گا، بانی پی ٹی آئی کو بھی سزا سنا دی گئی، انصاف کے مطابق ٹرائل نہیں ہوا، آپ تو اپنا وزیر داخلہ نہیں بنا سکے، لاہور کی ٹریفک کو تین ماہ میں ٹھیک کر دیں آپ کو سلیوٹ ماروں گا، ووٹ نظریے سے ملیں گے ڈر سے ووٹ نہیں ملتا، مولویوں سے فتویٰ لے لیں آبادی کو کنٹرول کرنا ہوگا، ہمارے ایم پی ایز میں سے کسی کا بچہ سرکاری سکولوں میں نہیں پڑھتا، امیر اگر شراب پئے تو انجوائے کرتا ہے اور اگر غریب شراب پئیے تو غل غپاڑا کررہا ہے۔ رکن اسمبلی ذوالفقار علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے حلقہ چنیوٹ میں جب بائیک چوری ہوتی ہے تو اس کا مقدمہ درج نہیں ہوتا، چنیوٹ میں شکایات کیلئے ون فائیو سسٹم کو اپ گریڈ کرکے سہولت دی جائے۔ قاضی سعید اکبر نے خطاب میں کہا کہ بزدار حکومت نے پنجاب کا نقشہ بگاڑ دیا ہے،  کاشتکاروں کو شوگر کین کا پیسہ فی الفور دیا جائے۔ ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے وزراء کی ایوان میں عدم موجودگی کی نشاندہی کی گئی تو سپیکر اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایوان میں کسی بھی وزیر کی عدم موجودگی پر اجلاس پانچ منٹ کیلئے ملتوی کر دیا۔ رکن اسمبلی بلال یامین نے  کہا کہ سیاسی استحکام اور امن و امان کی بات کی جاتی ہے تو ایک چلتی حکومت کو عدلیہ کے ساتھ مل کر اقتدار سے نکال دیا گیا،سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بولنا ہی جمہوریت نہیں سننا بھی چاہئے،اعجاز شفیع نے کہا ہاؤسنگ سوسائٹی کے قواعد و ضوابط پورے نہیں کئے جاتے خانپور اور رحیم یار خان کی عوام غیر قانونی سوسائٹیوں سے تنگ ہے،اقلیتی رکن سردار رمیشن سنگھ اروڑا نے کہا کہ چودہ اپریل کو سکھ بیساکھی منانے جا رہے ہیں اور بارہ اور تیراں اپریل کو سکھ یاتری پاکستان آر ہے ہیں، دنیا بھر کے سکھ یاتری ہمارے ماتھے کا جھومر اور تاج ہیں، ہم بھارت اور دنیا بھر سے آئے سکھوں کا زبردست استقبال کریں گے اور وہ بیساکھی منائیں، عظمیٰ کاردار کو یحریک استحقاق ایوان میں پیش کرنے کی اجازت نہ ملی،سپیکر کا کہنا تھا کہ آپ کا جو بھی مسئلہ ہے وہ میرے چیمبر میں آ جائیں مسئلہ حل کر لیتے ہیں، رکن اسمبلی امجد علی نے نشاندہی کی کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی ہے جس میں قومی ترانہ پڑھا جا رہا ہے تمام لوگ احتراما کھڑے ہیں لیکن ایک اسسٹنٹ کمشنر بیٹھے ہوئے ہیں جو ترانہ کی بے توقیری ہے، رکن سید مدد علی شاہ نے کہا کہ جو راشن تقسیم ہو رہا ہے اس میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو حقدار نہیں ہیں، عوام پر پٹرول بم گرا دیا ہے آئی ایم ایف میں جو حکومت جا رہی ہے اس کے قواعدو ضوابط سخت ہیں، نئی آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کو کیسے برداشت کریں گے،ماموں کانجن میں پل ٹوٹ گیا ہے اگر وہ پل گر گیا تو حکومت ذمہ دار ہوگی، رکن اسمبلی ملک نوشیر خان لنگڑیال نے اپنے میں خطاب کہا کہ ملک کو ترقی کیلئے ہم آہنگی پیدا کرنا ہوگی مریم نواز صوبہ کو تین ماہ میں نیا پنجاب بنا دیں گی ،تشکل عباس وڑائچ نے کہا سولہ ایم پی او کے تحت سیاسی نظر بندی افسوسناک ہے،رکن اسمبلی زرناب اعجاز الٰہی نے کہا کہ منڈی بہاؤ الدین میں گیارہ تھانے ہیں لیکن گیارہ سو لوگ قتل ہوئے رشوت سرعام ہے، قتل مقدمات میں تفتیشی اور متعلقہ افسران گناہ کرنے اور بے گناہ کرنے والوں سے پیسے کھاتے ہیں،رکن اسمبلی راجہ شوکت بھٹی کے ترقیاتی منصوبوں میں نوازشریف کا نام لینے پر اپوزیشن بنچوں پر شور شرابا، شوکت بھٹی  نے کہا  فیس سیونگ نہیں ملی تو آرمی پبلک سکول کا ڈرامہ رچایا،سپیکر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ آرمی پبلک سکول کے معاملے پر سیاسی بیان بازی نہ کی جائے،رکن اسمبلی حافظ فرحت نے کہا کہ گجرات میں اس الیکشن میں سمیرا الٰہی و قیصرہ الٰہی پولیس کے ساتھ رزلٹ لینے گئیں،شافع حسین نے ایم پی اے پر دستخط پہلے حلف بعد میں لیا فارم 47 پہلے ملا اس لئے حلف بھی بعد میں لیا،فرحت عباس نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے قرض اتاروں ملک سنواروں کے نام پر لوٹ مار نہیں کی،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ میں حکومت نہیں ہوں آپکی عزت کر رہا ہوں جب تک احمر رشید بھٹی حلف نہ لے لیتے اس وقت پروڈکشن آرڈر نہیں دے سکتا تھا،نو مئی واقعات پر اپنا موقف دے سکتا ہوں لیکن کوئی بات نہیں کروں گا،  فرحت عباس  نے کہا کہ  نو مئی کے واقعہ پر اگر ایمانداری سے احتساب ہوگا تو مفاد پرست ہی مجرم ٹھہریں گے، سپیکر ملک محمد احمد خان نے ایجنڈا مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کااجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔

مزیدخبریں