4 دہائیاں گزرنے کے باوجود کوالٹی سیڈ نہ ہوٰنا لمحہ فکریہ، نوازشریف: ہر ضلع میں زرعی سنٹر بنے گا، مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور  نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں  ایگریکلچر افسر اور فیلڈ اسسٹنٹ کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے پائلٹ پراجیکٹ، ایوب ریسرچ سینٹر کے لئے 500 ملین روپے کا ریسرچ انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری دی گئی اور ریسرچ، بہتر کارکردگی اور گڈ گورننس کیلئے محکمہ زراعت کے ذیلی اداروں کو باہم مربوط کرنے جبکہ فرٹیلائزر اور پیسٹی سائیڈ ایکٹ میں ترامیم لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے ایگریکلچر افسر کی بھرتی میں میرٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر ضلع میں ماڈل ایگریکلچر سنٹر قائم کیا جائے گا۔ زرعی اصلاحات سے متعلق طویل اجلاس کے دوران پنجاب میں زراعت کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا اور سیکرٹری زراعت نے زرعی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ چار دہائیاں گزرنے کے باوجود کوالٹی سیڈ نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ پنچاب میں 37 ملین ایکڑ فیٹ پانی کو ضائع ہونے سے بچانا ہے۔ آبپاشی کے جدید طریقہ کار اپنانا ضروری ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 7300 کھالے پکے کرنے سے 1.7 ملین ایکڑ فیٹ پانی بچایا جا سکے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ربیع اور خریف کی فصل کے لئے کاشتکاروں کو 150 ارب روپے کا قرض دیا جائے گا۔ محمد نواز شریف نے کسانوں کو قرض کے لئے اہلیت کا آسان طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ کاشتکار کو قرض کیلئے اپلائی کرنے پر جلد از جلد قرض کا اجرا یقینی بنایا جائے اور محکمہ زراعت قرض کے اجراء کی سکیم کی مانیٹرنگ اور فیڈ بیک کا فول پروف سسٹم وضع کرے۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے شانگلہ حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ دہشتگرد ی میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ نے شاہدرہ ٹاؤن میں فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل کے جاں بحق ہونے پر رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندان سے ہمدردی وتعزیت کا اظہارکرتے ہوئے آئی جی پولیس سے ہیڈ کانسٹیبل کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔  مریم نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق) اور دیگر ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔  سینٹ کے الیکشن کی حکمت عملی پر غور اور الیکشن کا طریقہ کار بیان کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے خاتون امیدوار کو خیر سگالی کے طور دستبردار ہونے کو سراہا گیا۔ مریم نوازشریف نے  کہا کہ سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، ساتھ مل کر چلیں گے۔ ہمارا عزم پورے پنجاب کی ترقی ہے۔ علی حیدر گیلانی نے کہا کہ ہماری خاتون امیدوار دستبردار ہوچکی ہیں، بشری بٹ اور انوشے رحمان کو ووٹ دیں گے۔ غضنفر عباس چھینہ نے کہا کہ آئی پی پی مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاکہ سینٹ کے لئے حمایت کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مصدق ملک نے کہا کہ ہر کامیابی کا سہرا قائد محمد نواز شریف کے سر ہے۔

ای پیپر دی نیشن