کراچی (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے اقدامات تیزکرنے کہ ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔ عدالت عالیہ نے لاپتہ پوسٹ آفس ملازم کی تنخواہ جاری کرنے کے لئے اقدامات کرنے اور قمبر شہداد کوٹ سے لاپتہ ایجوکیشن افسر کی اہلیہ کو تنخواہ کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔ گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ میں 7لاپتہ افراد کی بازیابی کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسران عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ملیر سے لاپتہ ہونے والے پوسٹ آفس ملازم کی بازیابی کیلئے کیا اقدامات ہوئے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ جے آئی ٹی اجلاس اور حراستی مراکز سے تفصیلات معلوم کر رہے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پوسٹ آفس ملازم کی تنخواہ جاری کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں، بازیابی کی کوششیں کی جائیں۔ عدالت نے قمبر شہداد کوٹ سے لاپتہ ایجوکیشن افسر کی اہلیہ کو تنخواہ کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے اقدامات تیزکرنے کہ ہدایت کرتے ہوئے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔