لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیرصدارت رمضان ریلیف پیکج کی نگران میں وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنرز وڈیو لنک شریک ہوئے۔ اجلاس میں رمضان پیکج پر عملدرآمد، اشیاء ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے رمضان پیکج کی ترسیل لوگوں کی دہلیز پر کامیابی سے مکمل کرلی گئی۔ 50 لاکھ 35 ہزار مستحق گھرانوں کو معیاری فوڈ ہیمپرز ان کی دہلیز پر پہنچائے گئے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان کے آخری عشرے اور عید کے دنوں میں چکن کی قلت نہیں ہونی چاہیئے اور قیمتیں بھی نہیں بڑھنی چاہئیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران اشیاء ضروریہ کی سپلائی بہتر ہونے سے قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا ہے۔