حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی اونے گورنمنٹ کالج کے امتحانی سنٹر اور یوم علی ؓکے جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور وہاں سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے امتحانی سنٹر کا دورہ کر تے ہوئے وہاں کلاس نہم کے جاری امتحانات کے سلسلہ میں کیے جانے والے پر امن ، شفاف اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر امتحانی سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ اور دیگر سٹاف نے انہیں بتایا کہ تما م طلبا ء بڑے پرامن اور شفاف طریقے سے امتحانات دے رہے ہیںاور امتحانی سنٹر میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہیں تاہم پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ سی ای او ایجو کیشن سہیل اظہر خاں بھی اس موقع پر انکے ہمراہ تھے ۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے سرکاری پڑائو سے نکالے جانے والے یوم علی کے جلوس کے روٹ کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے جلوس کی گز ر گاہوں پر پولیس ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے جانے والے سکیورٹی ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔