سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر احتجاج کرینگے،ہم آخری حد تک جائیں گے، پیچھے نہیں ہٹیں گے:علی امین گنڈاپور

و زیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاہے کہ ملک میں بار بار آئین کو توڑا جا رہا ہے، کے پی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے، ہم اپنی مخصوص نشستوں پر کسی اور کو ناجائز طور پر حلف لینے نہیں دیں گے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے غیر قانونی طور پر الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دی۔ہم آخری حد تک جائیں گے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، غیرقانونی طور پر ارکان کو حلف نہیں لینے دیں گے، آئین کا تحفظ پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، ملک میں بار بار آئین کو پامال کیا جا رہا ہے، ہم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی توڑی تھی، آئین میں واضح لکھا ہے کہ 90 دن میں الیکشن کروانا ہے لیکن پنجاب اور کے پی میں 90روز میں الیکشن نہ کرا کر آئین کو توڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا انتخابی نشان اور نشستیں چھینی گئیں، جلد یہ سارا سسٹم بے نقاب ہوگا، آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کی سزا موت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے غیر قانونی طور پر الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دی، کے پی میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ پارٹی چیئرمین نے ایک بات سکھائی کہ ہم لڑیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 25 ارکان کو الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر نشستیں دی ہیں۔خواتین اور اقلیتوں کے حق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، خواتین کی مخصوص نشستوں پر خواتین کے حقوق کیلئے اور ووٹ کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ 6ججز کے خط پر فل کورٹ کیوں نہیں بنایا جا رہا؟ 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا کہا تھا ابھی تک 9 مئی اور سائفر پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟ ۔ 

ای پیپر دی نیشن