نئی دہلی/ دبئی/ اسلام آباد (وقت نیوز/ نیوز ایجنسیاں/ ریڈیو نیوز) بھارت نے ممبئی حملوں سے متعلق 67 صفحات پر مشتمل مزید مواد و معلومات پر مبنی دستاویز نئی دہلی میں پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حافظ سعید سمیت ممبئی حملے میں ملوث عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بھارتی وزارت خارجہ امور نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے رواں سال 11 جولائی کو مزید معلومات کے حصول کیلئے دی گئی درخواست کے تحت پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر رفعت مسعود کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور سات صفحات پر مشتمل دستاویزات اور 60 صفحات پر مشتمل تفصیلات ان کے حوالے کیں۔ ادھر دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان عبدالباسط نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکام نے پانچ اہم سوالات کے جوابات اور مواد دہلی میں موجود پاکستانی سفارتخانے کو فراہم کردیا ہے لیکن جب تک دفتر خارجہ کو مواد موصول نہیں ہوتا حتمی رائے نہیں دے سکتے۔ آن لائن کے مطابق عبدالباسط نے توقع ظاہر کی کہ بھارت تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے اور ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے میں پاکستان کی بھرپور مدد کرے گا۔ اس سلسلے میں خلیجی خبررساں ادارے نے بھارتی وزارت داخلہ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چوتھا موقع ہے کہ بھارت نے ممبئی حملوں کے حوالے سے پاکستان کو معلومات فراہم کی ہیں۔ رواں سال 20 مئی کے بعد اجمل قصاب سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔ دوسری طرف بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کہا ہے کہ پاکستان کو جلد اہم دستاویز کا ایک اور پلندہ دیا جا رہا ہے، حافظ سعید کے متعلق کافی ثبوت دے دیئے اب پاکستان کو کارروائی کرنی چاہیے۔ جی این آئی کے مطابق پی چدمبرم نے اعتراف کیا کہ لال گڑھ سمیت بھارت کے کچھ علاقوں میں صورتحال بہتر نہیں ہے۔