”افغانستان کے ساتھ تجارتی معاہدے سے پاکستان کو 4 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا“

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک+ وقت نیوز رپورٹر) پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے سے سب سے زیادہ فائدہ بھارت کو ہو گا مگر اس معاہدے کی روح سے پاکستان کو 4 ارب ڈالر کا نقصان ہو گا۔ پہلے ہی پاکستانی عوام کو بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سے بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے‘ پاکستان میں 18 کروڑ کی آبادی‘ جیو گرافک سٹیٹس اور سرمایہ کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہیں تاہم یہ معاہدہ کہنے کو تو افغانستان کے ساتھ ہے مگر اس کا فائدہ بھارت کو ہو گا۔ امریکہ اور برطانیہ اپنے محسن بھارت کی تمام چھوٹی بڑی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے افغان ٹریڈ معاہدے جیسے اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد علی میاں اور اوریگا گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین جمشید اقبال چیمہ نے وقت نیوز کے پروگرام ”ان بزنس“ میں میزبان ندیم بسرا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ محمد علی میاں نے کہا کہ 1965ءمیں بھی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ جیسے معاہدے دیکھنے میں آئے جن کا خمیازہ پاکستانی قوم کو ہی بھگتنا پڑا۔ دراصل پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ کی جگہ بہت جلد بھارت افغان ٹریڈ معاہدہ کسی نہ کسی شکل میں نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب اس معاہدے پر دستخط کئے جا رہے تھے اس وقت امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پیچھے کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے ہوئے نظر آئے یہ پاکستانی قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اوباما نے اس معاہدہ کی تعریف کی ہے جو قابل غور بات ہے جبکہ ہماری حکومت کے بیانات میں واضح تضاد دیکھنے میں آیا ہے اگر یہ معاہدہ ٹھیک اور پاکستانی مفادات کے عین مطابق ہوتا تو وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم میڈیا پر 3 بار بیان تبدیل کیوں کرتے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں تین چیزیں اہم ہیں جن میں 18 کروڑ آبادی‘ جیوگرافک سٹیٹس اور سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ امریکہ کے ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت بھارتی مصنوعات پاکستان میں آئیں گی جس سے پاکستانی معیشت اپنا مقام کھو دے گی پاکستان زراعت پہلے ہی بحران سے دو چار ہے۔ جی ٹی ڈپی میں زراعت کا حصہ 21 فیصد ہے تاہم اس معاہدہ سے حالات مزید خراب ہونگے۔ پروگرام کے پروڈیوسر شاہد ندیم اور ایسوسی ایٹ پروڈیوسر وقار احمد قریشی تھے۔

ای پیپر دی نیشن