لاہور (خصوصی نامہ نگار) میانمار کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور برمی فوج اور بدھ مت کے غنڈوں کی طرف سے ہزاروں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف جماعت اسلامی اور جماعةالدعوة پاکستان کی اپیل کل ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا، شہر شہر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ لاہور میں سب سے بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک میں ہو گا جس میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ سید منور حسن نے گزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی امن کے نام نہاد ٹھیکیداروں کو میانمار میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام اور ان کو زندہ جلانے کے واقعات نظر نہیں آتے، چالیس لاکھ سے زائد مسلمانوں کو بدترین تعصب اور دہشتگردی کا سامنا ہے ۔ لاکھوں اپنی جانیں بچانے کے لیے ہجرت پر مجبور ہیں مگر ان کو راستوں اور مہاجر کیمپوں سے پکڑکر زبردستی مرتد ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے OIC اور عالمی برادری میانمار کے مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کے لئے فوری اقدامات کریں۔ مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، حکومت اور فوج کی سرپرستی میں یہ سب کچھ ہو رہا ہے ۔ عالمی میڈیا ، یو این او سمیت انسانی حقوق کی ٹھیکیدار بین الاقوامی تنظیمیں بھی اس پر خاموش ہیں، المیہ یہ ہے کہ مسلمان حکمرانوں نے بھی ان مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ پروفیسر حافظ محمد سعید نے علماءکرام ، آئمہ حضرات اور دینی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں میانمار میں نہتے مسلمانوں کے قتل عام کو موضوع بنائیں اور اقوام متحدہ و دیگر عالمی اداروںکی مجرمانہ غفلت، مسلمانوں سے متعلق دوہرا معیار اور اسلام و مسلمانوں کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کریں۔ حافظ سعید، حافظ عبدالرحمن مکی اور مولانا امیر حمزہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم برمی مسلمانوں پر ظلم و تشدد اورقتل و غارت گری کے خلاف ہونے والے ملک گیر مظاہروں میں بھرپور انداز میں شرکت کرے۔
میانمار کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی، جماعت اسلامی، جماعة الدعوة کل یوم احتجاج منائینگی
Aug 02, 2012