کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج بھی کاروبارکاآغازمثبت رجحان سے ہوا اورٹریڈنگ کے دوران انڈیکس چودہ ہزارآٹھ سو پوائنٹس کی سطح تک پہنچنے میں کامیاب رہا، کاروبار کے آغاز میں ہونے والی تیزی اختتام تک برقرار نہ رہ سکی اور سینٹ سیکٹر کی تمام کمپنیاں پرافٹ ٹیکنگ کا شکار ہوگئیں۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس تیرہ پوائنٹس اضافے کے بعد چودہ ہزار سات سو تیس پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم دس کروڑ شئیرز تک پہنچنے میں کامیاب رہا حجم کے اعتبار سے ڈی جی خان سیمنٹ ،میپل لیف سیمنٹ اور فوجی سیمنٹ میں سب سے زیادہ لین دین ہوا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جولائی کے مہینے میں مہنگائی کی شرح کا سنگل ڈجٹ میں آجانا اور کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ایک ارب گیارہ کروڑ ڈالر ملنے کے بعد ملکی معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری کی امید پیدا ہوگئی ہے جب کہ دس اگست کو پیش کی جانے والی مانیٹری پالیسی میں بھی شرح سود کم ہونے کی امید اسٹاک مارکیٹ کوپندرہ ہزارپوائنٹس کی سطح تک لے جاسکتی ہے۔دوسری جانب لاہور اسٹاک مارکیٹ میں آج مندی رہی اور ایل ایس پچیس انڈیکس نو پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار چھ سو چونسٹھ پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں چوراسی کمپنیوں کے پنتیس لاکھ اکیاون ہزار نو سو حصص کا کاروبار ہوا۔ انیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ اکیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ چوالیس کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔