کراچی (وقائع نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج غلام مصطفی میمن نے فرقہ واریت ٹارگٹ کلنگ میں کالعدم لشکر جھنگوی کے سزا یافتہ دو مجرموں کے خلاف پھانسی گھاٹ کے لئے از سرنو بلیک وارنٹ جاری کرتے ہوئے جیل سپرٹننڈنٹ سکھر کو حکم دیا ہے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے متعلقہ مجسٹریٹ کی نگرانی میں دونوں ٹارگٹ کلر عطااللہ عرف قاسم اور اعظم کو بالترتیب 20 اور 21 اگست 2013 کی صبح 4 بج کر 30 منٹ پر پھانسی دی جائے۔ واضح رہے کہ صدر مملکت کی جانب سے ملزمان کی رحم کی اپیلیں مسترد ہونے کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ نے فاصل عدالت سے رجوع کیا تھا اور بلیک وارنٹ حاصل کرنے کے لئے درخواستیں دیں تھیں کہ ملزمان کو فاضل عدالت سے سزائے موت سنائی گئی تھی جسے بعد ازاں اعلی عدالتوں نے بھی برقرا رکھا جس پر ملزمان نے صدر مملکت سے رحم کی اپیل کی تھی جو باضابطہ طور پر مسترد کر دی گئی مذکورہ دونوں دہشت گردوں کو سکیورٹی کے پیش نظر ایک ماہ قبل کراچی سینٹرل جیل سے سکھر جیل میں منتقل کر دیا تھا۔ سزائے موت پانے والے مجرموں کے خلاف جیل حکام کی جانب سے درخواستیں جمع کرائی گئی تھیں کہ ملزمان عطا اللہ عرف قاسم اور اعظم عرف شریف جنہوں نے جون 2011 میں سولجر بازار کی حدود میں ڈاکٹر رضا پیرانی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا جب کہ ملزمان نے اس کے علاوہ تھانہ ڈیفنس کی حدود میں بھی فرقہ وارانہ کارروائیاں کرتے ہوئے قتل غارت کی، ملزمان کو 2004 میں سزائے موت کی سزا سنا دی گئیں تھیں۔