لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 70 سے زائد ملازمین کے کنٹریکٹ میں ایک سے دو ماہ توسیع کر دی گئی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی نے 3 جولائی کو ہی کنٹریکٹ ملازمین کے معاہدوں میں توسیع کی منظوری دیدی تھی۔ کنٹریکٹ میں اضافہ پانے والے ملازمین میں سے اکثر کے کنٹریکٹ 30 اور بعض کے 31 جولائی کو ختم ہو گئے تھے۔ اس بات کا انکشاف گذشتہ روز جب ہوا جب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انڈر 23 ٹیم کا اعلان کیا گیا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامئے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اٹارنی جنرل کے ساتھ مشاورت کے بعد کنٹریکٹ ملازمین اور سلیکشن کمیٹی کے عہدوں کی مدت میں 31 اگست تک توسیع کی منظوری دیدی ہے۔ کنٹریکٹ میں توسیع ملنے کے بعد ملازمین پر فارغ کئے جانے کی لٹکتی تلوار وقتی طور پر ہٹ گئی ہے جس پر ملازمین نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے۔