برازیل کے ساتھ صنعتی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینگے: غلام مرتضیٰ جتوئی

برازیل کے ساتھ صنعتی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینگے: غلام مرتضیٰ جتوئی

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستان لاطینی امریکی ممالک خصوصاً برازیل سے اپنے صنعتی و تجارتی تعلقات کو فروغ دے گا ۔ برازیل دنیا کی چھٹی بڑی معیشت اور ایک وسیع کنزیومر مارکیٹ ہے، پاکستان اور برازیل کے درمیان تجارت کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برازیل کے سفیر الفریڈ و لیونی سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ طے پانے والے ویزہ معاہدے کے ذریعے بزنس کمیونٹی کو برازیل کا 5سال کا ملٹی پل ویزہ مل سکے گا جس سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ برازیل لاطینی امریکہ میں فی الوقت پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور تیزی سے پھیلتی ہوئی معیشت ہے ۔ برازیل عالمی معیشت میں اپنے گہرے اثرات مرتب کررہا ہے جس سے پاکستانی سرمایہ کار خاطر خواہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔برازیل کے سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برازیل کی حکومت اس وقت پاکستان کی طرف ماضی سے زیادہ متوجہ ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور تجارت بڑھانے میں سنجیدہ ہے ۔

ای پیپر دی نیشن