جھنگ(نامہ نگار) نواز شریف پارک مکمل ہونے کے باوجود چار سال سے بند ۔ عوام عید کے ایام میں بھی تفریح سے محروم ۔جھنگ سٹی روڈ پر واقع نوازشریف پارک مکمل ہونے کے باوجود چار سال سے زائد عرصہ سے بند پڑا ہے۔ جھنگ کا شمار ان شہرو ں میں ہوتا ہے جن میں تفریحی مقامات کی شدید کمی ہے لیکن اس کے باوجود خطیر رقم خرچ کر کے جھنگ سٹی روڈ پر چارسال قبل نواز شریف پارک کے نام سے ایک پارک کی تعمیر مکمل کی گئی اور اس پارک میں فواروں، آبشاروں اور روشنیوں کے ساتھ کافی خوبصورت بنا دیا گیا لیکن یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے اب تک عوام کیلئے نہیں کھولا جا سکا ۔ اس عرصہ کے دورا ن جھنگ میں تین ڈی سی او صاحبان بھی تعینات ہو چکے ہیں اور متعدد بار ان سے جب اس بارے پوچھا گیا تو ان کا جواب یہی تھا کہ ابھی تک اس کے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا ، جھنگ کے تمام قومی و صوبائی حلقوں پر مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی ہی منتخب ہو ئے جن میں سے اکثر کی راہ گزر پر ان کے قائد میاںنوازشریف کے نام سے موسوم اس پارک کے دروازوں پر لگے ہوئے یہ تالے تاحال اسی طرح بند پڑے ہوئے ہیں اور جھنگ کی عوام اس مذہبی تہوار پر بھی سستی تفریح سے محروم رہے ہیں ۔