کراچی (سٹاف رپورٹر )حکومت کی آزاد پالیسی کے پیش نظر پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگیا، گذشتہ مالی سال غیرملکی سرمایہ کاروں نے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر سے زائد منافع اپنے وطن بھجوایا۔مالی سال 2013-14 کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے منافع کی مد میں ایک ارب 21کروڑ ڈالر ترسیل کئے، جبکہ مالی سال 2012-13 میں ایک ارب 7کروڑ ڈالر بھیجے گئے تھے، اس طرح گذشتہ مالی سال بیرونی کمپنیوں کے منافع میں 13فیصد اضافہ ہوا،مالیاتی شعبے میں کام کرنے والی غیرملکی کمپنیوں نے سب سے زیادہ 33کروڑ ڈالر منافع کمایا، جبکہ توانائی کا شعبہ دوسرے اور آئل اینڈ گیس سیکٹر تیسرے نمبر پر رہا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ غیرملکی کمپنیوں کا منافع ایک ارب ڈالر سے بڑھ جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ کثیرالملکی کمپنیوں نے تیل، گیس، توانائی اور مالی شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔