لاہور (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے وفاقی دارالحکومت پر ’’لاہور‘‘ نے قبضہ کر لیا، عمران خان سے پہلے دن سے کہہ رہاہوں استعفے حکمرانوں کے منہ پر مارے، لانگ مارچ کرنیوالے ایک دن کیلئے لال حویلی بھی رک سکتے ہیں، حکومت سے بجلی بحران کے خاتمے کیلئے480 ارب روپے لینے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالیں جائے کیونکہ وہ ملک سے بھاگ سکتے ہیں۔ طاہر القادری اور عمران خان کے درمیان کوئی فرق نہیں ایک ’’عصر‘‘کو آئیگا تو دوسرا ’’مغرب‘‘کو آسکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے پاس جمہوریت بچانے کیلئے اقتدار چھوڑنے کے سوا کوئی آپشن باقی نہیں رہا، لگتا ہے حکمران بہت گند کرنے جارہے ہیں اسی لئے پنجاب کے اعلیٰ افسران لمبی چھٹیوں پر جارہے ہیں۔ جمعہ کے روز اپنے ایک انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا حکومت اب جتنے مرضی رابطے کریں ا س سے اب کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ اب مذاکرات کا نہیں حکومت کے جانے کا وقت آچکا ہے اور دنیا کی کوئی طاقت حکمرانوں کو نہیں بچا سکے گی۔ موجودہ اسمبلیوں میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں اسلئے میں عمران خان کو پہلے دن سے کہہ رہا ہوں ان اسمبلیوں سے استعفے دے دینے چاہئیں اور میں قوم کو بتانا چاہتا ہوں5 سے 12 اگست تک کے دن پاکستانی سیاست کیلئے انتہائی اہم ہیں اور آصف زرداری کا پیپلز پارٹی میں فیصلہ حتمی ہوگا اور کون لانگ مارچ میں شریک ہوگا۔ اس بارے بھی آئندہ ہفتے قوم کو بہت سے سرپرائز ملیں گے۔ میں نے عمران خان کو استعفوں کا مشورہ دیدیا ہے مگر حتمی فیصلہ کر نے کا اختیار عمران خان کے پاس ہے۔
وفاقی دارالحکومت پر ’’لاہور‘‘ کا قبضہ ہے، عمران کو استعفوں کا مشورہ دیدیا: شیخ رشید
Aug 02, 2014