عوام نے پانچ سال حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا‘ مڈٹرم الیکشن کا کوئی جواز نہیں : اسحاق ڈار

لاہور(فرخ سعید خواجہ)مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے مڈ ٹرم الیکشن کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ مڈ ٹرم الیکشن کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں نے 11مئی کے الیکشن کو ٹرانسپرنٹ قرار دیا تھا۔ کروڑوں ووٹ لینے والی جماعت کو چند ووٹ لینے والے گھر بھیج دیں یہ بھلا کیسے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک رات گیارہ پچیس پر تقریر کا تعلق ہے کہ میاں نواز شریف نے کیوں کی؟ میں مسلم لیگ ن کے الیکشن سیل کا سر براہ تھا بحیثیت انچارج الیکشن سیل یہ تیسرے عام انتخابات تھے۔ 200نشستوں کے نتائج میں سے 112نشستوں پر مسلم لیگ ن کے امیدوار لمبی لیڈ سے جیت لئے تھے۔ اور ہم نے 60فیصد نشستیں جیت لی تھیں۔ ہزاروں لوگ میاں نواز شریف کے پاس جمع ہو چکے تھے ان کا خطاب کرنا فطری تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے لوگوں نے ہمیں مبارکباد دی تھیں جبکہ خود تحریک انصاف نے ساڑھے دس بجے خیبر پی کے میں اپنی کامیابی کا اعلان کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے اندر سپورٹس مین سپرٹ پیدا کریں ۔اس وقت ملک کی معیشت مزید مستحکم کرنے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مل کر خاتمہ کرنے کی ضرورت ہے۔ مسلح افواج دہشت گردوں اور نواز شریف توانائی کے بحران سے نمٹ رہے ہیں، حکومت کے پانچ سال پورے ہونے پر دیکھا جائے گا کہ الیکشن میں کون جیتتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام نے پانچ سال حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔ میں نہ مانوں والا ایجنڈا نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کے لئے چیئر مین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی بنائی ہے اس میں یہ بھی کردار ادا کریں تا کہ آنے والے الیکشن مزید شفاف ہوں۔ اسلام آباد پر لشکر کشی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس طرح نہ خطرہ ہونا چاہئے نہ خطرہ ہے یہ کوئی طریقہ نہیں کہ چند ہزار لوگ جمع ہو جائیں اور کہیں کہ حکومت چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان شکست تسلیم کریں یا پھرثابت کریں کہ دھاندلی ہوئی ہے، انہوں نے شروع میں کہا کہ میں نتائج تسلیم کرتا ہوں اس کے بعد بدل گئے میری خواہش ہے کہ عمران خان کوئی موقف اپنانے کے بعد کبھی تو اس پر قائم رہیں، اسلام آباد میں فوج کو 245کا اختیار دیئے جانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج کو پہلی مرتبہ یہ اختیار نہیں دیا جا رہا ۔ماضی مین  محرم کے موقع پر 245کا اختیار فوج کو دیا جاتا رہا ہے اور اسلام آباد ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں کہیں بھی یہ اختیار دیا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا ایجنڈا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو تیز رفتاری سے ترقی دے کر آگے لے کر جانا ہے اس وقت تمام اقتصادی اشاریئے بہترین شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے ،بجٹ خسارہ کم ہوا ہے ،ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے۔ موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کی ہے اور جاپانی ادارہ جیرو نے پاکستان کے بارے میں کہا ہے کہ اگر پاکستان کی اکانومی اسی طرح ٹریک پر رہی تو سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن سکتا ہے اور  2050تک ہماری معیشت دنیا کی 44ویں معیشت کی بجائے 18ویں نمبر پر آ جائے گی۔زرمبادلے کے ذخائر 8ارب ڈالر سے بڑھ کر 15ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ ڈالر کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ یہ 114روپے یا 127روپے تک پہنچے گا لیکن اس وقت بہتر معیشت کے باعث امریکی ڈالر کی قدر 98روپے سے 99روپے کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو کہا جا رہا تھا کہ پاکستان جون 2014ء میں ڈیفالٹر ہو جائے گا اور  2015ء میں خدا نخواستہ پاکستان کا نقشہ تبدیل ہو جائے گا۔ لیکن میاں نواز شریف کی حکومت نے ایک سال میں ان تمام منفی باتوں کو دفن کر دیا۔
اسحق ڈار

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...