طاہر القادری سے ملاقات، آزادی مارچ، یوم انقلاب میں شرکت زیرغور ہے: حیدر عباس

Aug 02, 2014

لاہور (خصوصی نامہ نگار) متحدہ رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم آزادی مارچ اور یوم انقلاب میں شرکت کے بارے میں غور کر رہی ہے مگر طاہرالقادری کی انقلابی سوچ کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور انقلاب کے متعلق الطاف حسین اور طاہر القادری کی سوچ ایک ہے‘ پرامن احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے اور احتجاج ضرور کیا جائے مگر سیاسی نظام کو دھچکا نہیں لگنا چاہئے‘ خارجہ پالیسی‘ بجلی بحران سمیت حکومت کی کارکردگی پر ہر جگہ بات کی جا سکتی ہے‘ اس میں کوئی شک نہیں کہ عام انتخابات کے دوران ملک کا کوئی ایسا حصہ نہیں جہاں دھاندلی کے متعلق شکایت سامنے نہیں آئی‘ آرٹیکل 245 کے مقاصد جب تک سامنے نہیں آتے اس وقت تک ان پر بات نہیں ہو سکتی۔ وہ جمعہ کو 6رکنی وفد کے ساتھ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ملاقات کا مقصد کارکنوں کی ہلاکت پر ڈاکٹر طاہرالقادری سے اظہار تعزیت کر نا اور انکے غم میں شریک ہونا ہے۔ طاہر القادری سے انقلاب کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ انقلاب مارچ کی تاریخ کا ڈاکٹر طاہرالقادری بہت جلد اعلان کریں گے۔ قبل ازیں متحدہ کے وفد  کی طاہرالقادری سے ملاقات میں سیاسی صورتحال اور انقلاب مارچ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

مزیدخبریں