حکومت تنہا نہیں‘ ایک آدھ پارٹی کے سوا باقی تمام سیاسی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں : پرویز رشید

Aug 02, 2014

اسلام آباد (ثناء نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت تنہا نہیں ماسوائے ایک  آدھ  جماعت کے باقی تمام سیاسی جماعتیں اس کے ساتھ کھڑی ہیں، حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت میں بہتری اور توانائی اور دیگر بحرانوں میں کمی واقع ہو رہی ہے اس سال کے مقابلے میں اگلے سال ان میں نمایاں فرق نظر آئے گا اگر مہنگائی میں کمی نہیں تو اضافہ بھی نہیں ہو گا۔ ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں پرویز رشید نے کہا ہے کہ 342 کے ایوان میں سے صرف 35 ارکان ہیں جو لانگ مارچ کر رہے ہیں اور دھرنا دے رہے ہیں  307 ارکان اکٹھے کھڑے ہیں  میں نہیں سمجھتا  کہ مسلم لیگ (ن) تنہا ہے بلکہ جمہوری حکومت کا بہت بڑا اتحاد ہے جو اپنی اپنی جماعتوں میں رہتے ہوئے بھی سمجھتے ہیں کہ جمہوریت کو مستحکم کرنا چاہئے ایک دوسرے پر تنقید کرنا جمہوریت کی خوبصورتی ہے، تنقید سننے کے بعد اپنے راستے میں بہتری لانے کی کوشش کرتے ہیں ہم دوسروں کی تنقید سنتے ہیں  اور اس پر عمل بھی کرتے ہیں اگر ہم میں  کوئی مزید کمی اور کوتاہی ہے تو اسے دور کرنے اور اپنے آپ کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ انشاء اﷲ ہم آج کے مقابلے میں اگلے سال مزید بجلی پیدا کر رہے ہوں گے پاکستان کی معیشت کی تعریف پوری دنیا کر رہی ہے ہماری معیشت پہلے کے مقابلے میںبہتر ہوئی ہے اگلے سال اس میں مزید بہتری  آئے گی۔ اس  وقت پاکستانی روپیہ ڈالرکے مقابلے میں بہت مضبوط ہے برآمد کنندگان کہہ رہے ہیں کہ ہاتھ نرم کیا جائے کیونکہ ان کی برآمد پر فرق پڑ رہا ہے۔ انشاء اﷲ مہنگائی بڑھے گی  نہیں بلکہ بعض اشیاء کی قیمتیں کم ہو سکتی ہیں قیمتوں میں استحکام رہے گا اگلے سال سیاسی نظام آج کے مقابلے میں بہت زیادہ مستحکم نظر آئے گا آج جن چیلنجز کا سامنا ہے یہ جلد کم ہونا شروع ہو جائیں گے، میرے لئے جمہوریت کو زیادہ مضبوط ہونا بڑی خبر ہے جمہوریت کو استحکام رہے گا  اگلے سال جمہوریت کے 8ویں سال میں داخل ہو رہے ہوں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مجھے  کسی قسم کی تقسیم نظر نہیں آ رہی دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جا رہی ہے کسی کو اچھا دہشت گرد یا برا دہشت گرد کہنے کی گنجائش باقی نہیں رہی۔
پرویز رشید

مزیدخبریں