باجوڑ ایجنسی/ پشاور + اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) افغانستان سے دہشت گردوں کی پاکستانی علاقے میں فائرنگ سے ایف سی کا جوان شہید ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے صوبے کنڑ سے دہشت گردوں نے ایک بار پھر پاکستانی علاقے میں فائرنگ کی۔ باجوڑ ایجنسی میں گھکھئی پوسٹ پر فائرنگ کی گئی۔ افغان دہشت گردوں نے دو روز پہلے بھی دیر میں پاکستانی چوکی کو نشانہ بنایا تھا۔ واقعہ کیخلاف پاکستان نے افغانستان سے شدید احتجاج کرتے ہوئے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔ پاکستان نے واقعہ کیخلاف اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ باجوڑ کے قریب پاکستان چیک پوسٹ پر افغانستان سے فائرنگ کی گئی۔ افغانستان اپنی سرزمین سے پاکستان پر دہشت گردوں کے حملے روکے اور مستقبل میں ایسی کارروائیوں کیخلاف موثر اقدامات کرے۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی فائرنگ کی مگر اس کے نتیجے میں عسکریت پسندوں کے ہونے والے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ ادھر شدت پسندوں کی فائرنگ سے ماموند قبائل میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ دریں اثناء سکیورٹی فورسز نے باجوڑ ایجنسی کے تحصیل ناوگئی کے علاقہ بابڑہ چہارمنگ میں نصب ریموٹ کنڑول بم کو ناکارہ بنادیا۔ ادھر تحصیل باڑہ سے دو افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ دونوں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ مقتولین کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
سکیورٹی اہلکار شہید
باجوڑ : سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ‘ ایف سی اہلکار شہید‘ افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی‘ احتجاج
Aug 02, 2014