لاہور (سٹاف رپورٹر) ہربنس پورہ کے علاقہ میں نامعلوم ملزمان نے 16 سالہ نوجوان کو اغوا کے بعد گولی مار کر قتل کردیا اور نعش نہر میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیتے ہوئے ورثا کو تھانے شناخت کیلئے بلایا جنہوں نے مقتول کی شناخت کرلی۔ عثمان بابر عید سے ایک روز قبل گھر سے کپڑے خریدنے نکلا تھا اور واپس نہ آیا۔ ورثا نے پولیس کو اطلاع دی کہ انکا بیٹا لاپتہ ہوگیا ہے۔ قتل کی واردات پر مقتول کے ورثا نے گزشتہ روز ہربنس پورہ نہر کے کنارے نعش رکھ کر ملزمان کی گرفتاری کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ پولیس کی طرف سے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ ہربنس پورہ کے رہائشی بابر کا بیٹا مقتول عثمان بابر عید سے ایک روز قبل گھر سے کپڑے خریدنے کیلئے نکلا تھا تاہم لاپتہ ہو گیا۔ ورثاء نے کافی تلاش کیا لیکن وہ نہ مل سکا۔ ورثاء نے تھانہ ہربنس پورہ اطلاع دی جنہوں نے مقتول کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ نہر میں ایک نوجوان کی خود آلود نعش پڑی ہے جس پر نعش کو قبضہ میں لیکر مقتول کے ورثاء کو شناخت کیلئے بلایا تو انہوں نے اپنے بیٹے کی شناخت کر لی۔ پولیس نے مقتول کے والد بابر کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔