اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ نہیں دی، پاکستان صحت، تعلیم اور کم آمدنی کے اعتبار سے خطے کا غریب ترین ملک بن گیا ہے جبکہ سری لنکا ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔ انسانی ترقی سے متعلق اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اٹھارہویں ترمیم کے بعد تعلیم اور صحت کے شعبے صوبائی حکومتوں کے پاس ہیں، جن کی ترقی کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے، انسانی ترقی کے انڈیکس میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کے 2 ارب 20 کروڑ افراد کو انتہائی غربت، تعلیم اور صحت کے بنیادی مسائل کا سامنا ہے، مالی بحران ان کے دروازے پر دستک رہا ہے۔ رواں سال یوکرین، عراق، شام اور غزہ کے بحران کے پیش نظر بیشتر ممالک کی معاشی ترقی ہدف سے کم رہے گی۔