اسلام آباد(ثناء نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ ڈکٹیٹر شپ اور آئین شکنی کا راستہ روکنے کے لیے پرویز مشرف کو قانون کے مطابق عبرت ناک سزا ہونی چاہیے۔ ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پرویز مشرف کا معاملہ واقعی بڑا اہم ہے اس نے آئین کو توڑا ہم سمجھتے ہیں کہ قانون اپنا راستہ بنائے اس معاملے پر حکومت سے غلطی ہوئی ہے کہ اس نے پارلیمان سے رائے نہیں لی۔ میاں نواز شریف کو چاہیے تھا کہ وہ مشرف کے معاملے کا فیصلہ پارلیمان سے کراتے پارلیمنٹ میں کوئی بھی سیاسی جماعت اس کی مخالفت نہ کرتی۔ نواز شریف نے فیصلہ کے بعد پارلیمنٹ کو بتایا ۔انہوں نے کہا کہ مشرف کے مقدمے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے ۔ڈکٹیٹر شپ کا راستہ روکنے اور آئین توڑنے والوں کو ضرور کیفرکردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا ہوگی اگر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہ جیتی گئی تو پھر جمہوریت کی جنگ بھی متاثر ہوگی۔