نئی دہلی (نیوز ڈیسک) 1993ء کے ممبئی بم دھماکوں کے ملزم یعقوب میمن کو ناجائز پھانسی دئیے جانے پر بھارتی سپریم کورٹ کے ایک رجسٹرار نے گذشتہ روز اپنے عہدے سے احتجاجاً استعفیٰ دیدیا۔ پروفیسر انوپ سریندر ناتھ کو ایک برس قبل ڈپٹی رجسٹرار ریسرچ کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ وہ نیشنل لاء یونیورسٹی نئی دہلی کے فیلو بھی ہیں۔ اپنے استعفیٰ میں انہوں نے لکھا کہ یعقوب میمن کی سزائے موت کا راستہ صاف کرنے کیلئے سپریم کورٹ کے چند گھنٹوں میں 2 فیصلے عدالت کیلئے سیاہ ترین دن ہے۔ دریں اثناء یعقوب میمن کی بیوہ کیلئے پارلیمنٹ کی سیٹ کا مطالبہ کرنے پر سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادیو ناراض ہوگئے اور مہاراشٹر کے نائب صدر محمد فاروق غوثی کو انکے عہدے سے ہٹا دیا۔ غوثی نے ملائم سنگھ کے نام خط میں گذشتہ روز کہا تھا کہ یعقوب میمن کی بیوہ راحین نے بہت مشکلات جھیلی ہیں۔ انہیں سماج وادی پارٹی کی طرف سے رکن پارلیمنٹ بنایا جائے تاکہ وہ مجبور مسلمانوں کی آواز اٹھاسکیں۔ فاروق غوثی کو پارٹی نے شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے۔