انتہا پسند نظریات عالمی خطرہ‘ ملک کو مذہبی ‘ نسلی امتیاز سے محفوظ بنائیں گے : نوازشریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ +نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک صحیح سمت میں گامزن ہے۔ پاکستان ہر مذہب اور رنگ و نسل کے لئے محفوظ بنایا جائیگا، انتہا پسند نظریات عالمی خطرہ ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں اور پوری قوم کے عزم سے انتہا پسند نظریات کو شکست ہو رہی ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں اندرونی سلامتی اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ سکیورٹی اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چودھری نثار، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، ڈی آئی بی آفتاب سلطان، مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک میں جاری دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ ایجنسیوں کا سکیورٹی اور قیام امن کے لئے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا دہشت گرد اور انتہا پسند عناصر پسپا ہو رہے ہیں دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف آپریشن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے ہی کامیاب ہورہا ہے۔ انتہا پسند نظریات عالمی خطرہ ہیں، پاکستان نے ان نظریات کو اکھاڑ پھینکنے کی کوششیں کئی سال قبل شروع کیں پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت انٹیلی جنس شیئرنگ میکنزم کو مضبوط بنانے کے لئے معاونت جاری رکھے گی، پاکستان ہر مذہب اور رنگ و نسل کے لئے محفوظ بنایا جائیگا، ملک صحیح سمت میں گامزن ہے۔ عوام کو مستحکم، خوشحال اور پرامن وطن دینگے۔ آن لائن کے مطابق اجلاس مےں وزےر اعظم کے مشےر برائے قومی سلامتی امور ناصر خان جنجوعہ نے اپنے دورہ اےران سے متعلق برےفنگ دی۔ وزیراعظم نواز شرےف نے قانون نافذکرنے والے اداروں کی امن وسلامتی کے لئے کارکردگی کو سراہا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزےر اعظم نے کہا محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات ہرشہری تک پہنچائیں گے، آئندہ چند برسوں مےں پاکستانی عوام کو مستحکم،خوشحال اور پرامن وطن دیں گے، ملک صحیح سمت میں گامزن ہے۔انہوں نے کہا وفاق صوبوں کوہرممکن سہولیات اورانٹیلی جنس شیئرنگ فراہم کرےگا،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کسی ملک کوپاکستان جتنانقصان نہیں ہوا اس کا اعتراف دوسرے ممالک بھی کر رہے ہےں، پاکستان کئی برسوں سے دہشتگردوں کی کارروائیوں کامقابلہ کرر ہا ہے،قانون نافذکرنے والے اداروں کی قربانیوں کے باعث دہشتگردی ملک سے ختم ہورہی ہے۔وزےراعظم نے کہا ضرب عضب، نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمدسے امن وامان صورتحال بہترہوئی ہے اس کے اثرات پوری قوم دےکھ رہی ہے،آپرےشن ضرب عضب سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور ہم انہےں بھاگنے کا موقع بھی نہےں دینگے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی جےسی لعنت سے جنگ جاری رہے گی،ملک کو دہشتگردی سے پاک اور خوشحالی کی طرف واپس لا کر دم لےں گے۔ انہوں نے مزےد کہا دہشتگردوں،انتہا پسندوں کیخلاف آپریشن قربانیوں سے ہی کامیاب ہورہاہے،حکومتی کوششوں،قوم کے عزم سے انتہاپسندنظریات کو شکست ہورہی ہے۔ بی بی سی کے مطابق وزیراعظم نے داخلی سلامتی کا جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ملک کو مذہبی اور نسلی امتیاز سے محفوظ بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا انتہا پسندانہ نظریات عالمی امن کے لئے خطرہ ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا نقصان سب سے زیادہ ہوا ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا ان کے باعث شدت پسندوں کے لئے جگہ تنگ ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا وفاقی حکومت معلومات کے تبادلے اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنا کر شدت پسندی کے خلاف کارروائیوں میں صوبائی حکومتوں کی مدد کرے گی۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے ائر چیف مارشل سہیل امان نے ملاقات کی جس میں انہوں نے ملکی فضائی حدود کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے ملکی فضائی حدود کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا اور کہا دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو تباہ کرنے میں پاک فضائیہ کا کردار قابل تحسین ہے۔ قومی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے پاک فضائیہ کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔ انہوں نے کہا دنیا بھی پاک فضائیہ کے کردار کی معترف ہے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت بے مثال ہے ۔وزیراعظم نے کہا بدلتے تقاضوں کے مطابق پاک فضائیہ کے کردار میں نئی جہت حوصلہ افزا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے ایواِن صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے ملک کی عمومی صورت حال اور اہم قومی امور پر با ت چیت کی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم کو صحت یابی پر ایک بار پھر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم نواز شریف پوری توانائی کے ساتھ ملک وقوم کی خدمت کریں گے۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت توانائی کے جاری منصوبوں ، امن و امان کی صورت حال ، آپریشن ضرب عضب اور قومی معیشت کے احیا کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے صدر مملکت کو مختلف امور میں حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں سے بھی آگاہ کیا ۔ صدر مملکت نے کہا وزیر اعظم اور ان کی اقتصادی ٹیم اپنی مضبوط حکمت عملی کے تحت قومی معیشت کی بہتری کے لیے قابِل قدر کردار ادا کر رہی ہے جس کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ۔ دونوں رہنماﺅں نے اپیل کی کہ ملک میں استحکام اور ترقی کے لیے ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حکومت سے تعاون کیا جائے۔ دونوں رہنماﺅں نے کہا حکومت ترقیاتی ایجنڈے سے اپنی توجہ نہیں ہٹائے گی اور ملک کی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کے لیے تندہی سے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی عمل کے دوران قومی سرمائے کے درست اور شفاف استعمال کو ہر صورت میں یقینی بنائے گی اور بدعنوانی کو کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے آپریشن ضرب عضب کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔ دونوں رہنماﺅں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے تمام حصوں میں مکمل امن کی بحالی کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری رہے گا ۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے مفید ثابت ہو گا ۔ دونوں رہنماﺅں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے عظیم الشان منصوبہ سے تمام صوبوں اور خطوں کو یکساں فوائد حاصل ہوں گے ۔ دونوں رہنماﺅں نے پاکستان کو درپیش مسائل پر قابو پانے اور ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن رکھنے کے لیے اتحاد اور یکجہتی پرزور دیا۔اس موقع پر خطے کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور دونوں رہنماوں نے پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم / ملاقاتیں / اجلاس

ای پیپر دی نیشن