روم (این این آئی+ نیٹ نیوز )کیتھولک عیسائیوںکے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہاہے کہ اسلام کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ کیتھولک عقیدے کے پیروکار بھی اتنے ہی خطرناک اور دہشت گرد ہو سکتے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پوپ فرانسس نے پولینڈ سے روم واپسی کے دوران طیارے میں متنبہ کیا کہ یورپ میں جاری سماجی ناانصافیاں نوجوانوں کو اسلحہ اٹھانے اور شدت پسندی کی راہ پر ڈال رہی ہیں۔ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا درست نہیں، یہ صحیح نہیں۔ انہوں نے یورپ میں ہونے والے حالیہ حملوں کے سلسلے میں فرانس میں ایک کیتھولک پادری کے بہیمانہ قتل پر اسلام پر تنقید نہ کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا۔ پوپ نے کہا تقریباً تمام مذاہب میں قدامت پسندوں کا چھوٹا طبقہ رہا ہے۔ اور یہ ہمارے یہاں بھی ہے۔ دہشت گردی وہاں پیدا ہوتی ہے جہاں پیسے کی پوجا کو اولیت دی جاتی ہے۔ جہاں دوسرے متبادل نہیں ہوتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیاکہ ہم نے اپنے کتنے یورپی نوجوانوں کو خالی از مقاصد اور بغیر کام کے چھوڑ رکھا ہے جو منشیات، شراب نوشی اور شدت پسند گروہ کی جانب مائل ہوئے ہیں؟
اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا درست نہیں‘ کیتھولک بھی اتنے ہی خطرناک ہو سکتے ہیں : پوپ
Aug 02, 2016