اسلام آباد (این این آئی) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان نعیم الحق نے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت کسی صورت بھی 7 اگست سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کو ملتوی نہیں کرے گی۔ ایک انٹرویو میں نعیم الحق نے کہاکہ ہمیں امید نہیں ہے کہ حکومتی رویے میں کوئی تبدیلی آئےگی۔ ٹی او آر پر حکومت کے ساتھ کافی ملاقاتیں ہوئیں تاہم ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ 6 اگست کو ہونے والی ملاقات میں بھی کسی فیصلے کی امید نہیں اور یہ بھی بے نتیجہ ہی رہے گی۔ اگر حکومت کی جانب سے کوئی بھی نئی چیز سامنے آئی تو ہم غور کرسکتے ہیں تاہم احتجاجی ریلی کو ملتوی نہیں کریں گے۔ ہم وہ تمام آپشنز کا استعمال کررہے ہیں جن سے پاناما لیکس کے حقائق تک پہنچا جاسکتا ہے۔ ایک آپشن تو ٹی او آرز پر پارلیمانی کمیٹی کا حصہ بننا تھا جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، دوسرا راستہ الیکشن کمشن ہے، جہاں ہم پہلے ہی درخواست دائر کرچکے ہیں۔ پی ٹی آئی آئندہ چند روز میں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق ایک درخواست سپریم کورٹ میں بھی دائر کرنے جا رہی ہے۔ ان تمام آپشنز کے بعد پی ٹی آئی 7 اگست کو پشاور سے اپنی احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی۔ اس تحریک کا بنیادی مقصد عوام کو ملک میں کرپشن کے حوالے سے درپیش مسائل کی نشاندہی کرانا ہے۔ احتجاجی تحریک پر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت نہ کرنے کے سوال پر پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ جب پیپلز پارٹی نے مقدمات درج کرائے تو انہوں نے بھی ہم سے مشورہ نہیں کیا۔ پاناما لیکس ایک ایسا معاملہ ہے جس کی حقیقت تک پہنچنے کے لیے تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں اور اگر کوئی بھی جماعت اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی سوچ اور طاقت کا استعمال کرنا چاہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں اور نا ہی کسی اور کو اعتراض ہونا چاہیے۔
نعیم الحق