مظفر آباد (آئی این پی) وزیراعظم فاروق حیدر سے استعفیٰ مانگنے کیلئے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم، پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کال پر انکی قیادت میں دارالحکومت مظفر آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے سینکڑوں کارکنوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ایک ریلی نکالی۔ مظاہرین نے فاروق حیدر کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور اسی طرح کے پلے کارڈز اور بینرز بھیاٹھائے ہوئے تھے اور جوش و خروش میں وزیر اعظم ہاﺅس کی طرف مارچ شروع کردیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکن اور پولیس آپس میں گتھم گتھا بھی ہوئے۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اعلان کیا کہ ابھی صرف فاروق حیدر سے استعفیٰ مانگنے کی ابتدا ہوئی ہے میں اسکے بعد بڑی کال دونگا اور پھر فاروق حیدر سے استعفیٰ مانگیں گے بھی اور استعفیٰ لیکر بھی جائیں گے۔ فاروق حیدر نے یہ بیان نوازشریف کی تقسیم کشمیر کی پالیسی کو آگے بڑھانے کیلئے دیا۔ میں نے اپنے دونوں ممبران اسمبلی دیوان غلام محی الدین اور عبدالماجد خان کی ذمہ داری لگائی ہے کہ وہ فاروق حیدر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں۔
”وزیراعظم آزاد کشمیر استعفیٰ دیں“ تحریک انصاف کا مظفر آباد میں مظاہرہ، پولیس سے تصادم
Aug 02, 2017