پشاور (این این آئی)پشاور میں ڈینگی وائرس پھرمتحرک ہوگیا، خیبرٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ 74مریض لائے گئے جن میں سے ایک مریض دم توڑ گیا ٗبیشتر مریضوں کا تعلق پشاور کے علاقے تہکال سے ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں رواں ماہ کے دوران 74مریض لائے گئے جن میں 34 کوطبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ 40 مریض تاحال زیر علاج ہیں، طبی ماہرین کے مطابق ڈینگی کے مریضوں کے خون میں سفید خلیوں کی کمی ہوتی ہیں اوران کی شریانیں پھٹنے کا خطرہ ہوتا ہے۔پشاور میں حالیہ دنوں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان علاقوں میں مچھر مار سپرے کیے جارہے ہیں اور کھڑے پانی میں ادویات بھی ڈالی جارہی ہیں۔ ڈینگی کے مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈز مختص کیے گئے ہیں۔