لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پانامہ لیکس کا فیصلہ آنے سے جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کو تقویت ملی ہے۔ جماعت اسلامی سب کا بلاامتیاز احتساب چاہتی ہے۔ پانامہ لیکس میں شامل دیگر 400 پاکستانیوں کا بھی محاسبہ کیا جانا چاہئے۔ سنگوٹہ سوات میں جماعت اسلامی پنجاب کی پانچ روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی گزشتہ سال اپریل سے کرپشن کے خلاف تحریک چلارہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں جس نے بھی ملکی دولت لوٹی اس کاکڑااحتساب ہونا چاہئے۔ اس وقت پاکستان میں ہمارے لیے ماحول بہت اچھا ہے۔ہم پورے ملک میں الیکشن کی بہترتیاری کرکے اچھے نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔کارکن آئندہ انتخابات کی تیاری کریں،یہ فیصلہ کن مرحلہ ہے،ہمیں اسے ضائع نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ اورعاملہ کافیصلہ یہی ہے کہ ملک میں سب کا احتساب ہوناچاہئے۔گزشتہ کئی مہینوں سے ہم اس کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ اجتماع ملک میں اسلامی انقلاب کا ذریعہ بنے گا۔ اس موقع پر امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہاکہ آرٹیکل 62اور63کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو برداشت نہیں کریں گے۔ خیبرپی کے کے صوبائی وزیر اور جماعت اسلامی کے رہنماعنایت اللہ خان نے کہا ہمارا المیہ ہے کہ70برس گزرجانے کے باوجودآج بھی محب وطن قیادت کا فقدان قومی مسئلہ ہے۔ سراج الحق نے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات، حقیقی احتساب اور قومی اداروںکی کارکردگی کو بہتر بنانے کے قومی ایجنڈے پر کام کریں گے۔
.پانامہ لیکس میں شامل 400 پاکستانیوں کا بھی محاسبہ ہونا چاہئے: سراج الحق
Aug 02, 2017