ینگ ڈاکٹرز ایمرجنسی سمیت وارڈ میں ہڑتال جیل روڈ پر دھرنا پولیس تصادم شیلنگ

لاہور (نیوز رپورٹر + نامہ نگار) ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے لئے پھر احتجاج شروع کر دیا اور سڑکوں پر آگئے۔ جی او آر کے سامنے پولیس اور ینگ ڈاکٹرز میں شدید تصادم ہوگیا۔ پولیس نے احتجاجی ڈاکٹرز کی جی او آر میں گھسنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی اور واٹرکینن سے پانی پھینکا جس سے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ ینگ ڈاکٹرز کی ریلی ہسپتالوں میں مریضوں اور سڑکوں پر شہریوں کیلئے مصیبت بن گئی، جیل روڈ پر احتجاج کی وجہ سے ٹریفک بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس نے ریلی کو حصار میں لیا تو ڈاکٹرز نے پولیس کا حصار توڑکر جی او آر میں گھسنے کی کوشش کی۔ جس پر پولیس نے ڈاکٹرز کو منتشر کرنے کیلئے ان پرآنسو گیس کی شدید شیلنگ کی اور واٹر کینن سے پانی پھینکا جس کی وجہ سے مظاہرین پیچھے ہٹ گئے۔ گرفتار ڈاکٹروں میں ریحان، مجاہد، بلال، محسن باجوہ، تجمل سعید، ناصر بیک اور طیب ریاض شامل ہیں۔ تاہم پولیس سے مذاکرات کامیاب ہونے پر تمام گرفتار ڈاکٹرز کو رہا کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ہڑتال کا اعلان کر دیا اور تمام ہسپتالوں کی او پی ڈی اور ایمرجنسی سروسز بند کر نے کا اعلا ن کیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے جب تک انکے مطالبات نہیں مانے جاتے ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے سنٹرل انڈکشن پالیسی کو میرٹ پر مبنی کیا جائے اور ینگ ڈاکٹرز شعبہ صحت کی ناکامی پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کو ہٹایا جائے۔ نیوز رپورٹر کے مطابق غوث اعظم روڈ پر ایک ایمبولینس ایک گھنٹہ تک ٹریفک میں پھنسی رہی اس دوران بروقت ہسپتال نہ لے جائے جانے کے باعث ایمبولینس میں موجود مریضہ جنت نے تڑپ تڑپ کر دم توڑ دیا جس کے خلاف لواحقین نے جیل روڈ پر احتجاج کیا۔صوبائی دارلحکومت کے ہسپتالوں کو ینگ ڈاکٹرز نے سیاسی اکھاڑے میں تبدیل کر دیا گزشتہ روز ڈاکٹروں نے ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو اپنے ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا ۔ڈاکٹروں نے تمام ہسپتالوں کی ایمر جنسی وارڈوں میں زیر علاج مریضوں کو موت کے منہ میں دھکیلتے ہوئے سروسز کا بائیکاٹ کر دیا۔ دوسری طرف ان ڈور اور آئوٹ ڈور میں بھی ہڑتال کر دی اور سڑکوں پر نکل آئے تاہم ہسپتالوں کی انتظامیہ نے مثبت اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایمرجنسی اور دیگر وارڈوں میں سینئرز ڈاکٹرز کو تعینات کر دیا ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس پروفیسرز کے ہمراہ وارڈوں میں پہنچ گئے اور انہوں نے مریضوں کو طبی امداد دینا شروع کر دی۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے مریض دن بھر مسیحا کے انتظار میں تڑپتے رہے آئی سی یو میں زیر علاج مریضوں کی حالت بھی غیر ہو گئی جب کہ سینکڑوں مریضوں جنہیں لسٹ پر رکھا گیا تھا ان کے آپریشن نہ ہو سکے یہاں تک کہ ایمرجنسیوں میں بھی مریضوں کی حالت غیر ہو گئی۔صباح نیوز کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سامنے جیل روڈ کے دونوں اطراف ینگ ڈاکٹرز نے دھرنا دے دیا جس کے باعث ٹریفک بُری طرح معطل ہو کر رہ گئی۔

ای پیپر دی نیشن