گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ میں مردہ خاتون اورنوجوان مریض کو ایک ہی بستر پر لٹا کر اخلاقیات اور انسانیت کا جنازہ نکال دیا گیا ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں یہ واقعہ منگل کو اس وقت پیش آیا جب ہائی بلڈپریشر مریضہ کی موت واقعہ ہونے کے بعد ایک نوجوان کو علاج کے لئے لایا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ہائی بلڈپریشر کے مرض میں مبتلا ایک خاتون کو ہسپتال لایا گیا جو ایمرجنسی وارڈ میں کچھ دیر زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کر گئی جبکہ اس دوران ایک نوجوان مریض کو بھی ہسپتال لایا گیا تو وارڈ منتظمین نے نوجوان مریض کو مردہ خاتون کے ساتھ ہی ایک بستر پر لٹا کر علاج شروع کرکے نہ صرف اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا گیا بلکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ہدایات کی بھی دھجیاں اڑا دیں اور حکومت پنجاب کی اداروں کی بہتری کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رکھ دیئے ۔