قائمہ کمیٹی‘ ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پی کے میں غیرقانونی بھرتیوں پرکارروائی کی ہدایت

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) سینٹ قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانیزترقی انسانی وسائل کے چیئر مین سینیٹر باز محمد خان نے ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پی کے میں غیر قانونی بھرتیوں کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا صرف غیر قانونی بھرتیاں ہی نہیں کی گئیں بلکہ 101 کنال زمین خریداری کے علاوہ اور بھی انتظامی معاملات ہیں ۔ عظمت خیل بنوں میں ورکر ویلفیئر بورڈ کے سکول کی تعمیر کا معاملہ 2005 سے تاخیر کا شکار ہے ۔ ژوب میں بھی سکول کی تعمیر شروع نہیں کی گئی ۔ حکام نے آگاہ کیا کہ عظمت خیل بنوں سکول کی تعمیر کا پی سی ون 16 اگست کے اجلاس میں منظور ہو جائے گا۔ نیب حکام نے بتایا ورکر ویلفیئر بورڈ خیبر پی کے کے معاملات پر 11 مقدمات درج کیے گئے ہیں ، جن میں سے 9 ریفرنس دائر کر دیئے گئے ہیں ۔ 3 ہزار بھرتی کردہ ملازمین میں سے ایک ہزار معیار پر پورا نہیں اترتے ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ 2008 سے2012 تک جتنی زمینیں خریدی گئیں ، عمارتیں تعمیر ہوئیں ، بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کی تفصیل اگلے اجلاس میں فراہم کی جائے ۔ سینیٹر لیفٹینٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ذمہ داران کے خلا ف کارروائی کی جائے ۔ محکمانہ نالائقی اور غیر ذمہ داری افسوسناک ہے ۔ غلط تخمینے پر احتساب ہونا چاہیے ۔ او پی ایف حکام نے بتایا سعودی عرب میں پاکستانیوں کی کل تعداد 26 لاکھ ہے ۔ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھا کر واپس آئے ہیں ۔ اب سعودی عرب ملازمت کیلئے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے ۔ پچھلے سال چار لاکھ62 ہزار اور اس سال کے پہلے چھ ماہ میں 77 ہزار6 سو افراد سعودی عرب گئے ۔ انڈونیشیا میں پھانسی کی سزا پانے والے پاکستانی شہری ذوالفقار احمد کے معاملے پر بات کرتے ہوئے سینیٹر نگہت مرزا نے کہا منشیات سمگلنگ کا الزام درست نہیں ۔ وزارت خارجہ حکام نے بتایا 9 ہزار پاکستانی مختلف ممالک کی جیلوں میں ہیں ، جن پر منشیات سمگلنگ کے مقدمات ہیں ۔ سینیٹر حمد اللہ نے کہا بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹوں اور جن ایئر پورٹس سے جانے والے پاکستانی بیرون ملک گرفتار ہوئے ان ایئر پورٹس پر موجود اداروں کے ملازمین کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے ۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...