تحریک انصاف کا وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف مظفر آباد میں مظاہرہ: پاکستان اور کشمیر کا تعلق اٹوٹ ہے: فاروق حیدر

اسلام آباد ، لاہور (این این آئی+ خصوصی نامہ نگار) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ نوجوان ہماری جماعت کا ہراول دستہ، انکی حکومت اور فیصلہ سازی کے عمل میں شمولیت یقینی بنائی جائیگی۔ حکومت آزاد کشمیر اور عوام اس سال یوم آزادی پاکستان کوروایتی طریقہ کار سے ہٹ بھرپور عوامی انداز سے منائیں گے۔ پاکستان اور کشمیر کا تعلق اٹوٹ ہے اور اس میں کسی رخنہ کی قطعی طورپر کوئی گنجائش نہیں، کشمیر کے زمینی رابطوں فضائوں اور دلوں کا رخ پاکستان کی طرف ہے ایک مضبوط، مستحکم جمہوری پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے اشد ضروری ہے۔ اس سال جشن آزادی کے موقع پر نوجوان صف اول میںہونگے، مخالفین کی اخلاق سے گری اور بدتہذیب گفتگو کا جواب اخلاق کے دائر ے کے اندر رہتے ہوئے دیا جائے، آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے ملنے والی محبت اثاثہ ہے جس پر ان کا شکرگزار ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر ہائوس اسلام آباد میں سینئر صحافی و صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، ملک حنیف کی قیادت میں ملنے والے نوجوانوں مسلم لیگ ن یوتھ ونگ اورمسلم لیگ ن کی مختلف تنظیمات کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے وفد کی صدر راولپنڈی بار صابر اعوان ایڈووکیٹ کی قیادت میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے تفصیلی ملاقات، راولپنڈی بار ایسوسی ایشن نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن شعیب صدیقی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف اسمبلی سیکرٹریٹ میں مذمتی قرار داد جمع کرا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے بارے میں کسی اور بات کا سوچنا یا تاثر دینا بھی کشمیر کے شہیدوں اور غازیوں کے زخموں پر نمک پاشی اور مجاہدین کے حوصلوں کو پست کرنے کی سازش کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے قرار داد میں مطالبہ کیا ہے کہ فاروق حیدر پر غداری کا مقدمہ درج کر کے انہیں وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹایا جائے۔
مظفر آباد (آئی این پی) وزیراعظم فاروق حیدر سے استعفیٰ مانگنے کیلئے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم، پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کال پر انکی قیادت میں دارالحکومت مظفر آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے سینکڑوں کارکنوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ایک ریلی نکالی۔ مظاہرین نے فاروق حیدر کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور اسی طرح کے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے اور جوش و خروش میں وزیر اعظم ہائوس کی طرف مارچ شروع کردیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکن اور پولیس آپس میں گتھم گتھا بھی ہوئے۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اعلان کیا کہ ابھی صرف فاروق حیدر سے استعفیٰ مانگنے کی ابتدا ہوئی ہے میں اسکے بعد بڑی کال دونگا اور پھر فاروق حیدر سے استعفیٰ مانگیں گے بھی اور استعفیٰ لیکر بھی جائیں گے۔ فاروق حیدر نے یہ بیان نوازشریف کی تقسیم کشمیر کی پالیسی کو آگے بڑھانے کیلئے دیا۔ میں نے اپنے دونوں ممبران اسمبلی دیوان غلام محی الدین اور عبدالماجد خان کی ذمہ داری لگائی ہے کہ وہ فاروق حیدر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...