نوازشریف کی نااہلی سے غیر یقینی بڑھی‘ موڈیز: کمزور جمہوریت پر ایک اور کاری ضرب ہے: اکانومسٹ

نیویارک (آئی این پی) معروف عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیزنے کہا ہے کہ نواز شریف کے نااہل ہونے سے ملک میں غیر یقینی بڑھی ہے‘ سیاسی خدشات پاکستان کے کریڈٹ پروفائل پر منفی اثر ڈالیں گے ۔منگل کو موڈیز نے پاکستان کی معاشی صورتحال بارے اپنی نئی رپورٹ میں کہا کہ نواز شریف کے نااہل ہونے سے پاکستان میں غیر یقینی بڑھی ہے۔ سیاسی عدم استحکام حکومت کی بیرون ذرائع سے قرض گیری کی صلاحیت پر اثر انداز ہوگا۔ صورتحال پاکستان کے کریڈٹ پروفائل پر منی اثر ڈالے گی۔ نواز شریف کی برطرفی حکومتی پالیسی کے تسلسل کو جاری رکھنے کے لئے خطرناک ہے۔ موڈیز کے مطابق شریف خاندان کی چھان بین کا عمل پالیسی بنانے کو روک دے گا۔ موجودہ صورتحال معاشی اصلاحات کی رفتار کو سست کردے گی۔ سیاسی خدشات پاکستان کے کریڈٹ پروفائل پر اثر انداز ہوں گے۔ معاشی اصلاحات کے تسلسل میں سست روی آئی ہے۔ زرمبادلہ ذخائر میں کمی ہوئی ہے جس کے باعث نئے بیرونی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ موڈیز کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے نجی شعبے میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہوگا اور اگر منصوبے کے مطابق سی پیک پر کام ہوتا ہے تو معاشی نمو بڑھے گی۔دوسری جانب معروف برطانوی جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی وزیراعظم کا اپنی آئینی مدت پوری نہ کرسکنا کمزور جمہوریت پر ایک اور کاری ضرب ہے‘ پاکستان کو اس صورتحال پر غور کرنا ہوگا۔’’دی اکانومسٹ‘‘ نے کہا یہ بہت بڑی بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 70 سال کی تاریخ میں کوئی بھی جمہوری وزیراعظم اپنی آئینی مدت پوری نہیں کرسکا۔ یہ پاکستان کی کمزور جمہوریت پر ایک اور کاری ضرب ہے۔ پاکستان مجبور ہے کہ وہ ایک مرتبہ صورتحال پر غور کرے کیونکہ ریاست کو خود اپنے بہتر فیصلے کرنے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا یہ سبق جمہوریت کے لئے مستقبل میں شاید نیا آغاز ہوگا لیکن یہ پاکستان میں کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہورہا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان میں نواز شریف کو اتارے جانے کے بعد یہی کہا جارہا ہے کہ احتساب کا عمل شروع ہوچکا ہے تاہم وسیع پیمانے پر پورے ملک میں احتساب ناممکن نظر آرہا ہے۔ معزولی کے بعد یہ بھی لگتا ہے کہ نواز شریف پس منظر میں رہ کر پارٹی امور چلائیں گے ۔ رپورٹ میں یہ بھی کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی مقبولیت اپنے چھوٹے بھائی سے زیادہ ہے اور عوام نواز شریف سے زیادہ محبت کرتے ہیں۔ رپورٹ میں سیاستدانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستانی سیاستدان ابھی تک ڈوبتے جہاز کے ساتھ چمٹے ہوئے ہیں۔ دی اکانومسٹ کی رپورٹ میں مسلم لیگ (ن) کو بھی خبر دار کیا گیا کہ وہ متحد رہے ورنہ بدانتظامی کی صورت میں اس کے بعض رہنما فلور کراس کرسکتے ہیں۔ رپورٹ میں پاکستان کی معاشی صورتحال بارے کہا گیا کہ موجودہ سیاسی و آئینی بحران نے پاکستان کو ایک غیر یقینی صورتحال اور خطرناک موڑ پر لا کھڑا کیا ہے اس کے معیشت پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں اس کے لئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...