برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات‘ منی لانڈرنگ کے ذریعے منتقل دولت واپس لانے کیلئے پرعزم ہیں : عمران خان

اسلام آباد‘ سری نگر ‘ جھنگ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں+ نامہ نگار ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے برطانیہ سے منی لانڈرنگ کے ذریعے منتقل دولت کی واپسی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک برطانیہ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ جبکہ برطانوی ہائی کمشنر نے عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ۔ عمران خان سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ۔ تھامس ڈریو نے نئی حکومت کے لئے نیک تمناﺅں اور خواہشات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خطاب نے برطانیہ میں مثبت اثرات چھوڑے ہیں ۔ تحریک انصاف کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں ۔ 22 لاکھ بچوں کو اسکول بھجوانے کے لئے مدد کریں گے ۔ عمران خان نے نیک تمناﺅں کے اظہار پر برطانوی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں ۔ منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل دولت کی واپسی میرا عزم ہے ۔ خطے میں امن اور ترقی کیلئے نئی حکومت بھرپور کردار ادا کرے گی۔ دوسری جانب برطانوی سفیر نے اپنے ٹویٹ میں بدھ کی سہ پہر ملاقات کاوقت دینے پر عمران خان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ انہیں گزشتہ ہفتے کے عام انتخابات میں کامیابی پر عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہوئی ۔ علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا۔ حکومت سنبھالتے ہی عوام کو فوری ریلیف دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران کی بطور وزیراعظم حلف برداری کی تقریب سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ عمران خان ایوان صدر میں سادہ اور پُروقار تقریب میں حلف اٹھائیں گے۔ دوسری طرف اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بنی گالہ میں متوقع وزیراعظم عمران خان کی سکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دے دی۔کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں ایک ایمبولینس اور ایک فائر بریگیڈ کی گاڑی بنی گالہ پہنچا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لئے بنی گالہ ہاو¿س کے اطراف سرچ لائٹس بھی لگا دی گئی ہیں۔ دریں اثناءآزاد امیدوار پی پی124رائے تیمور بھٹی،آزاد امیدوار پی پی 125فیصل حیات جبوآنہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔ دونوں آزاد امیدواروں نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اس موقع پر جہانگیر ترین ،مخدوم شاہ محمود قریشی اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے ۔آزاد رکن پنجاب اسمبلی مولانا معاویہ اعظم‘ خرم لغاری، مہر اسلم بھروانہ نے بھی عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ مزید برآں پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما عامر لیاقت حسین نے بنی گالا عمران خان سے ملاقات کی اور کراچی کے قدیمی علاقوں لائنز ایریا، مارٹن کوارٹرز، جمشید، پاکستان اور کلیٹن کوارٹرز کی لیز کے مسائل سے آگاہ کیا۔ لشکر طیبہ چیف جموں وکشمیر محمودشاہ نے تحریک انصاف پاکستان کے چیئرمین عمران خان کو انتخابات میں جیتنے پر مبارکبا دپیش کی ہے۔ ایک بیان میں محمود شاہ نے کہاکہ عمران خان نے وزارت عظمی کا حلف اٹھانے سے قبل ہی کشمیر یوں کی حمایت کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ نئی دہلی کے پراپیگنڈا اور الزامات سے متاثر نہیں ہوں گے بلکہ اس کا شکار شخصیات جماعتوں کو دنیا بھر میں انصاف دلا کر اپنا قومی اخلاقی دینی فریضہ احسن طریقے سے ادا کریں گے۔ رہنما پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم پاکستان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ جس میں طے کیا گیا کہ چار رکنی کمیٹی وفاق میں حکومت سازی کیلئے بات چیت کرے گی۔ دو ارکان تحریک انصاف اور دو ایم کیو ایم کی جانب سے مذاکراتی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ تحریک انصاف کی طرف سے عمران اسماعیل شمیم نقوی کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی فہرست میں یاسر ہمایوں اور میاں اسلم اقبال کے نام بھی شامل ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق نیب نوٹسز کے بعد عبدالعلیم خان کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے امکانات کم ہو گئے ہیں جبکہ شاہ محمود قریشی کا نام بھی وزارت اعلیٰ کے لئے فائنل نہیں ہو سکا۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ صوبائی وزرا اور سپیکر کیلئے پی ٹی آئی کے کئی نام سامنے آ گئے ہیں۔ یاسمین راشد کو وزیر صحت جبکہ محمود الرشید کو سینئر وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع یہ بھی کہتے ہیں کہ سبطین خان، راجہ بشارت، میاں وارث، مخدوم ہاشم اور جواں بخت بھی وزراءکی دوڑ میں شامل ہیں۔ پی پی 126 جھنگ سے آزاد امیدوار ایم پی اے مولانا معاویہ اعظم نے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مولانا معاویہ اعظم اہلسنت والجماعت کی حمایت سے کامیاب ہوئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے عوام دوست منشور حمایت کی بڑی وجہ ہے۔ مولانا معاویہ اعظم کی جلد عمران سے ملاقات متوقع ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ عوام سنہری دور کیلئے تیار ہیں تحریک انصاف حکومت سنبھالتے ہی انقلابی اقدامات کرے گی۔ عوام کی تکالیف میں کمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔ حکومت سازی کیلئے مشاورت جاری ہے وزارتوں کے حوالے سے عمران خان دو دن میں اعلان کریں گے۔ مرکز، پنجاب اور خیبر پی کے میں حکومت بنائیں گے، بلوچستان میں اتحادی حکومت کا حصہ ہوں گے۔ بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش ہے کہ ہم حکومت بنا تے ہی عوام کی تکالیف اور مسائل میں کمی لائیں۔ ہماری حکومت ایسے اقدامات کرے گی جس سے پاکستان کے کروڑوں افراد کی تکالیف کا ازالہ ہوگا۔ پاکستان کی معیشت اس وقت شدید بحران کا شکار ہے۔ اس کی بہتری کیلئے اسد عمر نے ابھی سے تیاری شروع کردی ہے اور اس حوالے سے انہوںنے مشاورت شروع کردی ہے ہم معیشت کو بحران سے نکالیں گے۔ قومی وسائل عوام کی بہتری فلاح اور پاکستان کی ترقی کیلئے خرچ کئے جائیں گے۔ ہم 5سال میں ایک کروڑ نوکریوں کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے غیر ممالک میں مقیم 80لاکھ پاکستانی واپس آکر پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں۔ دنیا بھر سے سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کے پیغامات آرہے ہیں۔ یہ سنہری دور ان کی اور پاکستانی عوام کی مدد سے 14اگست کے بعد شروع ہوگا۔ عمران خان کو کافی سربراہان مملکت کے مبارکباد کے فون آئے ہیں اور آرہے ہیں۔ حلف برداری کی رسم کی تیاری موجودہ حکومت کرے گی۔ عمران خان ایوان صدر میں حلف اٹھائیں گے۔ سارک ممالک کے سربراہان کی ممکنہ شرکت متوقع ہے۔ اس سوال پر کہ کیا نریندری مودی کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی کوئی باضابطہ دعوت دی گئی ہے جواب میں نعیم الحق نے کہا کہ ابھی اس معاملے پر گفتگو ہورہی ہے کل تک اس بارے میں کچھ بتاسکوں گا۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان فیصلہ کرکے ایک دو دن میں وفاقی، صوبائی وزراءاور دیگر اہم عہدوں کا اعلان کریں گے۔
عمران

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...