کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ایم کیو ایم نے مسلم لیگ (ن) کی اے پی سی میں جانے سے انکار کر دیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان (ن) لیگ کی اے پی سی میں نہیں جائے گی۔ خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کو کسی کی ضرورت نہیں ہم تحریک انصاف کے ساتھ اپوزیشن بنچوں پر بیٹھیں گے۔ وفاق میں حکومتی بنچوں پر بیٹھیں گے۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی نے حکومت سازی کے حوالے سے ایم کیو ایم سے متعلق بڑا فیصلہ تھا اور اسے وفاق یا صوبائی حکومت میں سے کسی ایک کو چننے کا آپشن دےدیا۔ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ایم کیو ایم سے متعلق فیصلے سے اس کی قیادت کو آگاہ کردیا ہے جس میں بتایا گیا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کا حصہ بنی تو اسے سندھ کابینہ میں نہیں لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کا مو¿قف ہے کہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایم کیو ایم وفاق میں تحریک انصاف اور سندھ میں پیپلزپارٹی کے ساتھ ہو لہٰذا ایم کیو ایم کو وفاقی یا سندھ حکومت میں سے کسی ایک کو چننا ہوگا۔واضح رہے کہ جہانگیر ترین کی ایم کیو ایم بہادر آباد مرکز آمد پر رابطہ کمیٹی نے انہیں حمایت کا یقین دلاتے ہوئے اپنی شرائط پیش کی تھیں اور اس امر کا اظہار بھی کیا تھا کہ ایم کیو ایم وفاق میں کوئی وزارت قبول نہیں کرے گی۔
متحدہ/ پی پی