اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ نے حلقہ این اے 60 میں انتخابات ملتوی کئے جانے کے الیکشن کمشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے اور حکم دیا کہ مذکورہ نشست پر ضمنی انتخاب وقت پر ہونے چاہئیں۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں نے کہا تھا الیکشن وقت پر ہونگے جس پر درخواست گزار شیخ رشید نے کہا کہ کامیاب الیکشن کے انعقاد پر ساری قوم آپ کا شکریہ ادا کرتی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اس قوم پر آپ نے احسان کیا ہے، راولپنڈی میں ہسپتال شروع کرنے سے میرا کوئی فائدہ نہیں بلکہ آپ نے عوام کا فائدہ کیا، آپ عظیم انسان ہیں۔الیکشن کمشن نے جو کیا اس پر میں اپنی درخواست واپس لیتا ہوں جبکہ عدالت نے این اے 60 میں انتخاب ملتوی کرنے کے الیکشن کمشن کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا۔ یاد رہے کہ این اے 60سے مسلم لیگ ن کے امیدوار حنیف عباسی کو انسداد منشیات کی عدالت کی جانب سے ایفی ڈرین کیس میں قید کی سزا سنائے جانے کے بعد الیکشن کمشن نے اس حلقے پر انتخاب ملتوی کردیا تھا جس کے خلاف شیخ رشید نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سپریم کورٹ کے باہر گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان انصاف پر مبنی معاشرہ دیں گے‘ ساری قوم چیف جسٹس پاکستان کو انتخاب کے انعقاد پر ان کو مبارکباد دیتی ہے‘ 2018ءکے انتخابات صرف چیف جسٹس‘ آرمی چیف اور چیف الیکشن کمشنر کی وجہ سے ہوئے ہیں‘ 14اگست کو عمران خان جشن آزادی کی تقریب میں بطور وزیراعظم شریک ہوں گے۔ این اے 60 سے الیکشن راشد شفیق لڑیں گے۔ وہ قلم دوات یا بلے سے الیکشن لڑیں گے اس کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔ عمران خان ایک کروڑ نوکریاں دیں گے سستی بجلی لائیں گے۔ جو لوگ دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں ان کی عادت ہوگئی ہے میں سیاست میں بچپن سے ہوں اور آج تک نہیں سنا کہ ہارنے والے نے کہا ہو کہ وہ جائز ہارا ہے۔ جو لوگ جمہوریت کے چیمپئن بنے پھرتے تھے انہیں عوام نے شکست دی ہے لوگ اکتا چکے ہیں پرانی سیاست اور لوگ اب تبدیلی چاہتے ہیں۔ ایک حلقے سے جیت چکا ہوں اور این اے ساٹھ سے جیتیں گے۔ ساری قوم کو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔
سپریم کورٹ این اے 60