اسلام آباد ( عترت جعفری) پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کے طریقہ کار‘ اپوزیشن جماعتوں سے ہونے والی بات چیت اور آئندہ حکمت عملی پر غور کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کی صدارت پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی‘ سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف‘ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمان‘ سید خورشید شاہ‘ سینیٹر فرحت اللہ بابر اور دیگر راہنما موجود تھے ۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس جو آئندہ ہفتہ کسی وقت متوقع ہے کے موقع پر احتجاج اور تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سندھ میں حکومت سازی‘ پنجاب ‘ کے پی کے میں متحرک اپوزیشن پر بھی مشاورت کی گئی۔ پی پی پی کے ایک اعلیٰ ذرائع سے جب دریافت کیا گیا کہ پی پی پی جمعرات کو اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں شریک ہورہی ہے تو ذرائع نے کہا کہ ہمیں ایسی کسی اے پی سی کے جمعرات یا اس کے بعد انعقاد کا علم نہیں ہے اور نہ کسی نے ہمیں اطلاع دی یا شرکت کی دعوت دی ہے۔ چونکہ ہمیں کوئی دعوت نہیں ملی اس لیے شرکت یا عدم شرکت کے بارے میں فیصلہ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
پیپلز پارٹی