اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کی۔ فواد چودھری نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات سپریم کورٹ بار کونسل کے سینئر رکن کی حیثیت سے کی۔ چیف جسٹس کے ساتھ ادب واحترام کا تعلق ہے، وہ میرے استاد بھی رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ میڈیا سے بات کرتے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرز سنیل گواسکر، کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو‘ بالی ووڈ اداکار عامرخان کو بھی مدعو کا گیا ہے۔ بھارتی کھلاڑیوں اور عامر خان کو مدعو کرنے کا فیصلہ پارٹی نے کیا۔ تقریب حلف براری میں باقی عالمی شخصیات کو مدعوکرنے کا فیصلہ دفتر خارجہ کرے گا۔آئی این پی کے مطابق عمران خان نے بطور وزیراعظم حلف برداری کی تقریب میں عالمی رہنماﺅں کو مدعو کرنے کیلئے دفتر خارجہ سے رائے طلب کرلی، تحریک انصاف چین ، سعودی عرب ، ترکی اور بھارت سمیت دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے سربراہان کو تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کرنا چاہتی ہے ۔ شفقت محمود اور شیریں مزاری نے دفتر خارجہ کا دورہ کیا اور سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی رہنماﺅں کی جانب سے رائے طلب کی گئی ہے کہ کن عالمی رہنماﺅں کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے دعوت دی جانی چاہیے۔
فواد چودھری ملاقات