چور مینڈیٹ سے بننے والی حکومت جلد انجام کو پہنچے گی :علی اکبر گجر

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ چوری کے مینڈیٹ سے بننے والی حکومت بہت جلد انجام کو پہنچے گی۔ قوم میاں محمد نواز شریف کے بغیر جمہوریت کو مشکوک سمجھتی ہے۔ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کا انتخابی جھرلو پر اتفاق ہے۔ نئے انتخابات نوشتہ دیوار ہیں۔ الیکشن کمشن حالات کی سنگینی سے آنکھیں نہ چرائے۔ پاکستان کے ہر شہر سے دھاندلی اور انتخابی عمل کو ہائی جیک کرنے کی آوازیں بلند رہی ہیں۔ عام پاکستانی بھی حیران ہے کہ اس نے ووٹ شیر کو دیا اور کامیابی کا اعلان کسی اور نشان کے لئے کردیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر نے مسلم لیگ(ن) ہائوس کراچی میں پارٹی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ متنازعہ اور مشکوک انتخابات کو ہر پاکستانی نے مسترد کر دیا ہے۔ ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کے لئے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن بلا تاخیر انتخابی عمل کو کالعدم قرار دے کر نئے انتخابات کا اعلان کرے بصورت دیگر ملک میں1977 جیسی تحریک چلنے سے روکنا کسی کے لئے ممکن نہیں ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن