لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سبزیوں اور پھلوں کے ٹرانسپورٹرز کو ٹھوکر سے کالا شاہ کاکو موٹر وے بائی پاس استعمال نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔جسٹس شاہد کریم نے انجمن کاشتکاران قصور کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ قصور سے پھل اور سبزیوں سے لدے ٹرک لاہور گجرانوالہ گجرات راولپنڈی اور دیگر شہروں کی منڈیوں میں منتقل کیے جاتے ہیں تاہم بابو صابو انٹر چینج سے پھلوں اور سبزیوں سے لدی گاڑیوں کو موٹر وے بائی پاس کی بجائے شہر میں داخل کروا دیا جاتا ہے وکیل نے نشاندہی کی کہ شہر میں شدید ٹریفک کے باعث چار گھنٹوں سے زائد وقت ضائع ہو جاتا ہے درخواستگزار وکیل نے بتایا کہ وقت کے ضیاع سے سبزیاں اور پھل خراب ہو جاتی ہیں۔