مکہ مکرمہ(اے پی پی) سعودی حکومت نے عازمین حج کیلئے سمارٹ ترجمہ سروس اور 8زبانوں میں حج کے شعائر جاننے سمجھنے کیلئے ’’مناسکنا‘‘ ایپ جاری کردی۔ وزارت حج و عمرہ نے یہ اطلاع دیتے واضح کیا کہ ہر سال ہماری کوشش ہوتی ہے کہ دنیا کے گوشے گوشے سے آنے والے ضیوف الرحمن کو کچھ نیا پیش کیا جائے۔ انہیں عمرہ، حج اور زیارت کے سلسلے میں مکمل اور مستند آگہی بہتر سے بہتر اور آسان سے آسان شکل میں مہیا کی جائے۔ اسی جذبے کے تحت مناسکنا کے زیر عنوان 8زبانوں میں نئی ایپلی کیشن جاری کی گئی ۔ اس سے حجاج کرام کی بھاری اکثریت فائدہ اٹھاسکے گی۔ ضیوف الرحمن حج سے متعلق تمام تفصیلات اس ایپلی کیشن کی بدولت حاصل کرسکیں گے۔ اس کے ذریعے یہ بھی جان سکیں گے کہ مطلوبہ معلم انہیں کیا کچھ خدمات پیش کریگا۔ سعودی سٹینڈرڈ آرگنائزیشن نے احرام کی چادروں کامعیار دریافت کرنے کیلئے تجاویز پیش کردیں۔ آرگنائریشن نے ٹویٹر کے اپنے اکائونٹ پر عازمین حج و عمرہ سے کہا کہ وہ احرام خریدنے سے قبل یہ اطمینان ضرور کرلیں کہ چادر کا رنگ سو فیصد سفید ، چمکدار ہو۔ اس پر کسی بھی قسم کی گندگی اور کوئی نشان نظر نہ آرہاہے۔ احرام کی چادر میں 99فیصد کاٹن استعمال کیا گیا ہو۔ یہ ساری معلومات احرام کے پیکٹ پرتحریر کوائف پڑھ کر معلومات کی جاسکتی ہیں۔ دونوں چادروں کی لمبائی اور چوڑائی ایک جیسی ہو۔سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے حج 1439ھ میں مویشیوں کے انتظامات مکمل کرلئے۔ وزارت نے جانوروں کی قربانی کیلئے8شرائط مقرر کی ہیں۔263اہلکار حج کے دوران 24گھنٹے ڈیوٹی دینگے اور یہ پتہ لگائیں گے کہ مویشی مقررہ شرائط پر پورے اتر رہے ہیں یا نہیں۔ سیکرٹری مویشی امور ڈاکٹر حمد البطشان نے بتایا کہ عازمین کو قربانی وغیرہ کیلئے مطلوب مویشیوں کا انتظام کرلیا گیا۔ 25لاکھ مویشی جلد ہی سعودی عرب پہنچ جائیں گے۔