واشنگٹن (اے ایف پی+ نیوز ڈیسک+صباح نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل جیف سیشنز کو ہدایت کی ہے وہ امریکی صدارتی الیکشن میں روس کی مداخلت کی انکوائری ختم کر دیں کیونکہ یہ امریکہ کے لئے بے عزتی والی بات ہے، امریکہ کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ یہ انکوائری ایف بی آئی کے سپیشل قونصل رابرٹ میولر کر رہے ہیں۔ قبل اس کے یہ معاملہ ملک کو مزید داغدار کرے اسے روکا جانا چاہئے، درد سر بنا ہوا ہے۔ ٹویٹر پیغام میں ٹرمپ نے خصوصی ہدایت جاری کی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اطالوی وزیراعظم جوزیپے کونٹے کی جانب سے مہاجرین کے خلاف سخت رویہ اپنانے کا خیرمقدم کیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اطالوی وزیراعظم سے واشنگٹن میں ملاقات میں امریکا اور اٹلی کے درمیان نظریاتی قربت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اور اطالوی وزیراعظم دونوں روایتی سیاست دان نہیں بلکہ دونوں روایتی سیاسی انداز کو تبدیل کرنے کے نعرے کے ساتھ اس میدان میں اترے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ دونوں کی انتخابی مہم، انتظامیہ اور نظریات خصوصا مہاجرین سے متعلق رویہ ایک سا ہے۔