لاہو ر ( کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2018-19 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے خصوصی اجلاس میں اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر کی ترقیاتی سکیم کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر7 لاکھ ڈالرز کی کلئیرنس دے کر حتمی منظوری کیلئے وفاقی حکومت (سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی) کو بھجوا دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ حبیب الرحمن گیلانی نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران ، اسسٹنٹ چیف (کوآرڈینیشن ) پی اینڈ ڈی حافظ محمد اقبال اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے خصوصی اجلاس میں اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر کی جس سکیم کی سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوائی گئیں اس میں لاہور واٹر اینڈ ویسٹ واٹر مینجمنٹ پراجیکٹ (ایشائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے پراجیکٹ تیاری سپیشل فنڈ)کے سلسلہ میں ماہرین کی خدمات کے حصول (پی سی II) کیلئے 7 لاکھ ڈالرز کی منظوری شامل ہے۔